لاہور(پی این آئی) پاکستان سوپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے بین ڈنک بقیہ میچز کے لیے پاکستان آنے کو بے چین نظر آتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان کی فرنچائز کی طرف سے ایک ویڈیو بیان جاری کیا گیا ، جس میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے
جارح مزاج بلے باز کہہ رہے ہیں کہ رواں برس نومبر کے مہینے میں پی ایس ایل 5 کے شیڈول بقیہ میچ کھیلنے کے لیے پاکستان جانے کو بے قرار ہوں ، کیوں کہ وہاں مجھے ایک بار پھر اپنے ساتھی کھلاڑیوں سے ملنے کا موقع ملے گا ، اور مجھے پوری امید ہے کہ پہلی بار پاکستان سوپر لیگ کی ٹرافی جیت کر اپنے لاہوری پرستاروں کے نام کرنے میں کامیاب ہوں گے، اپنے ویڈیو پیغام کے آخرمیں بین ڈنک نے اردو بولتے ہوئے کہا کہ ’میں ہوں قلندردل سے‘۔یاد رہے کہ پاکستان سوپر لیگ کے فائنل مرحلے کے میچز 14سے17نومبر تک نیشنل اسٹیدیم کراچی میں کھیلے جائیں گے ، اس سے قبل یہ میچز لاہور میں شیڈول کیے گئے تھے تاہم اسموگ کے خطرے کے پیش نظر بعد ازاں انہیں کراچی منتقل کیا گیا ۔ قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ اس نے واجبات کی ادائیگی سمیت متعدد مرتبہ معاہدے کی دیگر سنگین خلاف ورزیاں کرنے پر ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس پارٹنر سے اپنا معاہدہ ختم کردیا ، ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میڈیا رائٹس برائے 2019 تا 2021 ٹیک فرنٹ انٹرنیشنل ایف زیڈ ای نے حاصل کر رکھے تھے تاہم پی سی بی نے ان کی جانب سے متعد مرتبہ کنٹریکٹ کی سنگین خلاف ورزیاں کرنے پر اب یہ معاہدہ ختم کردیا ۔اس حوالے سے پاکستان سپر لیگ کے پراجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نوید کا کہنا ہے کہ پی سی بی ایک پیشہ ور ادارہ ہے جو شفافیت سے کام کرتا ہے۔ اس معاملے میں متعدد مرتبہ یاد دہانی اور رابطے کے باوجود پارٹنر اپنی زمہ داریاں اور معاہدے کی پاسداری کرنے میں ناکام رہا، جس کے بعد پی سی بی کے پاس معاہدے کو ختم کرنے کے علاوہ اور کوئی آپشن باقی نہ رہا ، پی سی بی کے لیے اس معاہدے کو اس وقت ختم کرنا اس لیے بھی ضروری تھا کیونکہ پی سی بی کو ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آئندہ ایونٹ کے لیے نئے شراکت دار کو ڈھونڈنے میں اب مناسب وقت مل جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی نے بین الاقوامی علاقوں کے لیے متعلقہ براڈکاسٹرز اور مختلف سب لائسنسی سے رابطے بھی شروع کردئیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں