لاہور (پی این آئی) پاکستان وائٹ بال ٹیم کے کپتان بابراعظم ٹی 20 کرکٹ میں مسلسل دوسرے برس زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بابراعظم نے رواں سال میں مجموعی طور 942 رنز بنا لئے ہیں اور اس دوڑ میں شامل 895 رنز بنانے والے ایلکس ہیلز اور 809 رنز بنانے والے آسٹریلیا کے
مارکس سٹوئنس کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔ بابراعظم راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی 20 کے میچ میں ایک اور نصف سنچری سکور کرتے ہی ایلکس ہیلز سے آگے نکل گئے اور یوں وہ مسلسل دوسرے برس ٹی 20 میں سب سے زیادہ زیارہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے ہیں۔بابراعظم نے رواں برس اب تک 8 نصف سنچریاں اور 1سنچری سکور کی ہے اور یوں وہ 9 مرتبہ 50 سے زیادہ سکور کے ساتھ اس فہرست میں پہلی پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ قومی وائٹ بال ٹیم کے کپتان اس سال ٹی 20 میں سب سے زیادہ چوکے لگانے والے بیٹسمین بھی بن گئے ہیں جنہوں نے 2020ءمیں 108 چوکے لگائے ہیں جبکہ کوئی دوسرا بیٹسمین اب تک 100 چوکے بھی نہیں لگا سکا ہے۔مڈل آرڈر بیٹسمین سال 2019ءمیں بھی ٹی 20 میچز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین تھے ،انہوں نے 39 اننگز میں 1607رنز بنائے تھے۔ اس سال پاکستان کی جانب سے بیٹنگ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں شعیب ملک کا دوسرا نمبر ہے جنہوں نے اب تک 703 رنز سکور کئے ہیں جبکہ محمد حفیظ 684 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔حیرت انگیز طور پر اس سال (2020) سب سے زیادہ ٹی 20 وکٹیں لینے کا ریکارڈ بھی پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی کے پاس ہے جو 39 وکٹیں لے کر اس وقت سرفہرست ہیں جبکہ اس سال سب سے زیادہ ٹی 20 وکٹیں بھی پاکستانی کے پاس ہیں اور شاہین شاہ آفریدی 39 وکٹیں لے کر اس فہرست میں سب سے اوپر ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں