لاہور (پی این آئی ) آئی پی ایل میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت ممکن نہیں،رکن آئی پی ایل گورننگ کونسل، سابق بھارتی کرکٹر سریندر کھنہ نے واضح کیا ہے کہ فی الحال آئی پی ایل میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت ممکن نہیں۔ ایک انٹرویو میں 64 سالہ سریندر کھنہ نے کہا کہ آئی پی ایل میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت
دونوں ملکوں کے شائقین کیلیے بہت خوشی کی بات ہوگی لیکن ابھی ایسا ناممکن ہے، ہمیں حکومتی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا، بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی جیسے کرکٹرز ایونٹ میں بہترین اضافہ ہوسکتے ہیں۔آئی پی ایل گورننگ کونسل کے رکن نے کہا کہ اگر دونوں ملکوں میں تعلقات اچھے ہوتے ہیں تو پھر آئی پی ایل اور پی ایس ایل کی فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کی تجویز پر عمل درآمد ممکن ہوگا،دنیا بھر میں شائقین پاکستان اور بھارت کے مقابلے دیکھنے کے خواہشمند ہیں، یقین ہے کہ دیر سے سہی لیکن مستقبل میں ضرور یہ میچز ممکن ہوپائیں گے۔وکٹ کیپر بیٹسمین نے بابر اعظم کو زبردست بیٹسمین قرار دیتے ہوئے کہا کہ انھیں بھارت میں بھی بہت پسند کیا جاتا ہے۔وہ اور ویرات کوہلی دونوں اچھے اسٹروک پلیئر ہیں،ان کی تکنیک بھی زبردست ہے، بھارتی کپتان مسلسل عمدہ بیٹنگ کررہے ہیں، اگر بابر بھی ان کی طرح تسلسل کے ساتھ پرفارم کرتے رہے تو اگلے برسوں میں میچور اور کامیاب ہوسکتے ہیں۔ انگلینڈ کیخلاف حیدرعلی نے کمال اننگز کھیلی، اس میں ایک بڑا کرکٹر بننے کی اہلیت ہے، محمد رضوان کی وکٹ کیپنگ بھی اچھی ہے۔ سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے آئی پی ایل میں تماشائیوں کی عدم موجودگی سے فرق پڑے گا لیکن کوشش کررہے ہیں کہ یہ سیزن بھی پہلے کی طرح کامیاب ثابت ہو۔ یاد رہے کہ سریندر کھنہ نے 10 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں بھارت کیلیے 176 رنز بنائے تھے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں