مانچسٹر (پی این آئی ) آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے قومی ٹیم میں 2 بڑی تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ، زخمی ہو جانے والے محمد عامر کی جگہ فاسٹ باولر وہاب ریاض جبکہ شعیب ملک یا افتخار احمد کی جگہ حیدر علی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آخری میچ کل
اولڈ ٹریفڈ مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔پاکستان کو سیریز میں شکست سے بچنے کل کے میچ میں فتح حاصل کرنا ضروری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سیریز کے آخری میچ کیلئے قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق زخمی محمد عامر اور افتخار احمد یا شعیب ملک ٹیم سے ڈراپ ہو سکتے ہیں۔ ان کی جگہ فاسٹ باولر وہاب ریاض اور بلے باز حیدر علی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ محمد عامر کی کارکردگی سے خوش نہیں ہے جس کا کہنا ہے کہ 28 سالہ محمد عامر صرف وائٹ بال کرکٹ کھیلتے ہیں جنہوں نے بارش سے متاثر ہونے والے پہلے ٹی ٹونٹی 1 .2 اوورز میں 14 رنز دیئے اور دوسرے ٹی ٹونٹی میں 2 اوورز میں 25 رنز کی پٹائی برداشت کی لیکن کوئی وکٹ نہیں لے سکے اور اب ہیم سٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے ہیں ۔محمد عامر کی انگلینڈ کے خلاف ٹیسرے ٹی ٹونٹی میں شرکت کا امکان نہیں اور منگل کو شیڈول میچ میں تجربہ کار وہاب ریاض کو ان کی جگہ موقع دیا جاسکتا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ افتخار احمد کی کارکردگی سے بھی خوش نہیں ہے اور ان کی جگہ حیدر علی کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ پہلا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔ کل اولڈ ٹریفڈ میں شیڈول آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کے بعد پاکستان کا دورہ انگلینڈ اختتام پذیر ہو جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں