پاکستان بمقابلہ انگلینڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ منسوخ ہونے کا امکان، شائقین کرکٹ کیلئے بری خبر آگئی

مانچسٹر(پی این آئی) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ منسوخ کردیئے جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق 28 اگست کو مانچسٹر میں شیڈول پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل شدید بارش کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔ برطانوی میڈیا نے بتایا ہے کہ شدید بارش کے باعث سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کا انعقاد

خطرے میں پڑگیا ہے۔ موسلادھار بارش کے باعث عین ممکن ہے کہ میچ کا ٹاس بھی نہ ہوسکے۔بارش کی پیشنگوئی کے بعد شائقین کافی مایوس نظر آتے ہیں، شائقین کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ بارش نے جہاں ٹیسٹ سیریز کا مزہ خراب کیا ہے وہیں اب بارش ٹی ٹوئنٹی سیریز میں رنگ میں بھنگ ڈالنے آگئی ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل ٹیسٹ سیریز کے دوران بھی بارش نے میچز کا مزہ کڑکڑا کردیا تھا۔شدید بارش کے باعث دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ بغیر نتیجہ ہی ختم ہوگئے تھے۔تاہم، اب پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ بھی بارش کے باعث منسوخ ہوجانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز انگلینڈ نے 1-0 سے جیت لی تھی۔انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دی تھی اس کے بعد کھیلے گئے دونوں میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہوگئے تھے۔ تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کرینگے جبکہ میزبان ٹیم آئن مورگن کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 30 اگست کو جبکہ تین میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ یکم ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹونٹی سیریز کے تینوں میچز اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں ہی کھیلے جائیں گے۔ تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا پہلا اور تیسرا میچ ڈے اینڈ نائٹ ہونگے جبکہ دوسرا ٹی ٹونٹی میچ ڈے ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close