اپنی تنخواہیں حلال کرو، جاوید میاں داد نے یہ مشورہ کرکٹ ٹیم کے کن لوگوں کو دے دیا؟

لاہور(پی این آئی)اپنی تنخواہیں حلال کرو، جاوید میاں داد نے یہ مشورہ کرکٹ ٹیم کے کن لوگوں کو دے دیا؟پاکستانی کوچز کو اپنی ’تنخواہیں حلال‘ کرنے کا مشورہ ملنے لگا۔ انگلینڈ سے سیریز میں پاکستان کے اہم بیٹسمین اظہر علی اور اسد شفیق جدوجہد کرتے دکھائی دے رہے ہیں، پاکستان کے 63 سالہ سابق کپتان جاوید

میانداد نے کوچز کو اپنی تنخواہیں حلال کرنے اور ان دونوں پر خاص توجہ دینے پر زور دیا ہے، برطانوی ویب سائٹ کوانٹرویو میں انھوں نے کہا کہ اظہر اور اسد کو اپنی ناقص پرفارمنس کے سبب شدید تنقید کا سامناہے مگر اس کی بنیاد پر انھیں ڈراپ کرنے کی باتیں قبل از وقت ہیں،کوچنگ سٹاف کو چاہیے کہ وہ دونوں کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرے، مجھے یقین ہے کہ اسی سے اچھے نتائج آنا شروع ہوجائیں گے۔پہلے ٹیسٹ میں فتح کے قریب پہنچ کر شکست کے باعث اظہر کی قائدانہ صلاحیتوں پر بھی کافی اعتراض ہوئے، اس بارے میں میانداد نے کہاکہ اظہر کو اس وجہ سے قیادت دی گئی کیونکہ دوسرا کوئی موزوں امیدوار نہیں تھا، پاکستان میں یہی مسئلہ ہے کہ یہاں پر کپتان تیار نہیں کیے جاتے بلکہ انھیں اچانک ذمہ داری سونپ دی جاتی ہے،اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ وہ اپنی معلومات اور تجربہ استعمال کرنے کے بجائے کپتانی سیکھتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں، انگلینڈ میں اس کے برعکس باقاعدہ قائد تیار کیے جاتے ہے، پہلے ہمارے ڈومیسٹک سسٹم میں اچھے کپتان تیار ہوتے تھے مگر جو نئی تبدیلیاں آئیں ان سے صورتحال اور بھی مشکل ہوگئی ہے۔سیریز میں مشکلات کا شکار ہونے کے باوجود جاوید میانداد کو امید ہے کہ پاکستان ٹیم کم بیک کرتے ہوئے آخری میچ جیت سکتی ہے، انھوں نے کہا کہ یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ ہم سیریز سے باہر ہوچکے، پہلے ٹیسٹ میں غلطیوں کی وجہ سے مضبوط پوزیشن کے باوجود شکست کا سامنا کرنا پڑا، اگر بیٹسمین غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے اچھا مجموعہ تشکیل دیں اوربولنگ اٹیک کارکردگی کا معیار برقرار رکھے تو سیریز 1-1 سے برابر ہوسکتی ہے۔ کم روشنی کے مسئلے پر میانداد نے کہا کہ اس کا توڑ کھیل کے جلد آغاز سے ہے، انگلینڈ میں کھیل 11 کے بجائے10 بجے بھی شروع کیا جاسکتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close