لاہور (پی این آئی) جیتا ہوا میچ ہارنے کے باوجود کوچ مصباح الحق نے جذبات قابو میں رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو ڈانٹ ڈپٹ سے گریز کیا۔ گرین کیپس آج ساؤتھمپٹن پہنچیں گے جہاں ایک اور کورونا ٹیسٹ ہوگا۔ دوسری جانب ’’پینک بٹن‘‘ دبانے سے گریز کرتے ہوئے زیادہ تبدیلیوں کا کوئی امکان نہیں ہے، اگر شاداب
خان کو نہ کھلایا تو فہیم اشرف میدان میں اتریں گے۔فواد عالم بھی دوڑ میں موجود ہیں۔تفصیلات کے مطابق انگلینڈ سے پہلے ٹیسٹ میں شکست پر کوچ مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو ڈانٹ ڈپٹ سے گریز کیا ہے، جیتی بازی گنوانے پر ان کے چہرے پر مایوسی صاف جھلک رہی تھی مگر اسکے باوجود جذبات کو قابو میں رکھا،ذرائع نے بتایا کہ میچ کے بعد جب ٹیم ڈریسنگ روم میں اکٹھا ہوئی تو پلیئرز کو خدشہ تھا کہ شاید مصباح الحق غصے کا اظہار کریں گے مگر ایسا بالکل نہیں ہوا، ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ پورے میچ میں کارکردگی اچھی رہی مگر صرف ایک خراب سیشن کے سبب شکست ہو گئی، سب اپنی غلطیوں کا جائزہ لیں اور پھر انھیں دور کرنے کی کوشش کریں۔ابھی سیریز ختم نہیں ہوئی 2 ٹیسٹ باقی ہیں، آپ کم بیک کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر کپتان اظہر علی نے بھی ساتھیوں کا حوصلہ بڑھایا اور انھیں ہمت نہ ہارنے کی تلقین کرتے رہے۔ گذشتہ روز بھی ریزرو کھلاڑیوں نے اولڈٹریفورڈ میں ٹریننگ کی، دوسرے ٹیسٹ میں شرکت کیلیے ٹیم پیرکو ساؤتھمپٹن پہنچے گی جہاں ایک اور کورونا ٹیسٹ ہوگا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ابتدائی شکست کے باوجود مینجمنٹ ’’پینک بٹن‘‘ دبانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی، اس لیے زیادہ تبدیلیوں کا کوئی امکان نہیں ہے، اگر شاداب خان کو باہر بٹھایا تو انکی جگہ فہیم اشرف کو موقع دیا جائے گا، فواد عالم کی شمولیت پر بھی غور جاری مگر مینجمنٹ کو خدشہ ہے کہ اگر انھیں کھلایا تو ایک بولر کم ہو جائیگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں