لاہور(پی این آئی):قومی کرکٹ ٹیم کے 20 کھلاڑی دورہ انگلینڈ کے لیے روانہ، پلیئرز کے ساتھ 11 آفیشلز بھی شامل، قومی کرکٹ ٹیم کے 20 کھلاڑی دورہ انگلینڈ کے لیے روانہ ہوگئے، پلیئرز کے ساتھ 11 آفیشلز بھی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ کے لیے کھلاڑی اور آفیشلز لاہور ایئرپورٹ سے روانہ ہوئے،
روانگی سے قبل کرونا سے بچاؤ کے لیے ہرممکن اقدامات کیے گئے، جبکہ انگلینڈ پہنچنے پر بھی وائرس سے بچنے کے لیے سخت ہدایات کی گئی ہیں۔ادھر چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ جن 18 کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ دونوں بار منفی آئے ہیں فی الحال وہی دورے پر جارہے ہیں، ان کے علاوہ دو ریزرو کھلاڑی موسیٰ خان اور روہیل نذیر بھی منفی ٹیسٹ آنے پر دورہ انگلینڈ کی پارٹی میں شامل ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جن 10 پلیئرز کے ٹیسٹ پہلے مثبت آئے تھے ان میں سے 6 کھلاڑی یعنی وہاب ریاض، رضوان، فخرزمان، شاداب، حسنین اور محمدحفیظ کے ری ٹیسٹ منفی آئے، لیکن وہ دو بار منفی ٹیسٹ آنے پر ہی ٹیم کو جوائن کرسکیں گے اور انگلش کھلاڑیوں کے خلاف سیریز میں شریک ہوں گے۔قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے روانگی کے دوران ایک تصویر ٹوئٹ پر شیئر کی اور لکھا کہ تاریخی دورے کے لیے روانہ ہوگئے ہیں، انگلینڈ میں کھیلنا ہمیشہ ہی بہترین رہا ہے، فینز سے دعاؤں کی درخواست کرتا ہوں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں