لاہور (پی این آئی ) سابق پاکستانی بیٹنگ کوچ اور ماضی کے زمبابوین بیٹسمین گرانٹ فلاور کا کہنا ہے کہ بابراعظم کو پاکستانی ٹیم کی قیادت سنبھالنے پر پچھتانا پڑے گا کیونکہ پاکستان میں بے پناہ سیاست اور شائقین کے شدید ردعمل کے باعث کپتان دباؤ کا شکار ہو جاتا ہے ۔گرانٹ فلاور کا کہنا تھا کہ بابراعظم کرکٹ کے
اعتبار سے بہترین ذہن کے مالک ہیں لیکن انہیں اپنے فرائض کی انجام دہی کرتے ہوئے بہت زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستان کرکٹ میں بہت زیادہ سیاست ہے اور ٹیم کی ناکامی کی صورت میں شائقین کا شدید ردعمل سامنے آتا ہے لہٰذا ان کی بیٹنگ کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے اور ایسی صورتحال میں سب کچھ دھڑام سے نیچے گرجاتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ وہ ماضی میں کئی بڑے پلیئرز کو قیادت کرتے دیکھ چکے ہیں جن کو اضافی ذمہ داری سنبھالتے ہی پریشر محسوس ہونے لگا البتہ ان میں سے کچھ کھلاڑی پہلے سے زیادہ بہتر ہو جاتے ہیں اور بابراعظم بھی بہتر ہو گئے تو دنیا ان کے قدموں میں ہوگی تاہم وقت ہی اس کا فیصلہ کرے گا۔سابق پاکستانی بیٹنگ کوچ کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے پہلی مرتبہ بابر اعظم کو لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں دیکھا اور ان کے ساتھ کام کرتے ہوئے ان کی جانب گیندیں پھینکیں تو اندازہ ہوا کہ وہ دوسرے بیٹسمینوں کے مقابلے میں بال کی لینتھ کو جلد سمجھ لیتے ہیں اور ان کے خیال میں یہی عظیم بیٹسمین ہونے کی پہلی نشانی بھی ہے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں