لاہور (پی این آئی) انٹرنیشنل پلیئرز ڈویلپمنٹ کی ذمہ داری ثقلین مشتاق کو دینے کا امکان بڑھ گیا ہے، سابق سپنر نئے ہائی پرفارمنس سسٹم کا حصہ بنیں گے جنہوں نے انٹرویو بھی دیدیا ہے جبکہ سلیکشن کمیٹی کا کو آرڈینیٹر محمد اکرم کو مقرر کئے جانے کی بازگشت سنائی دینے لگی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ
سٹرکچر کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے کے پلان پر عملدرآمد کا آغاز ہوچکا ہے، نیشنل اکیڈمیز کی جگہ ہائی پرفارمنس سسٹم متعارف کراتے ہوئے 15 اپریل کو جاری کردہ اشتہار میں ڈائریکٹر، ہیڈ کوچنگ، انٹرنیشنل پلیئرز ڈویلپمنٹ اور آپریشن منیجر کی اسامیوں کیلئے 29اپریل تک درخواستیں طلب کی گئیں تھیں، پہلے سے ہی منتخب افراد کو لانے کیلئے رسمی کارروائی پوری کرنے کی خاطر شرائط میں نرمی بھی رکھی گئی، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے سابق ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ڈیوڈ پرسنز کو جز وقتی کنسلٹنٹ مقرر کرنے کا فیصلہ پہلے ہی کیا جا چکا تھا، سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان کو ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس تعینات کرنے کا باضابطہ اعلان بھی کردیا گیا، ذرائع کے مطابق ثقلین مشتاق کو ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئرز ڈویلپمنٹ مقرر کئے جانے کا امکان روشن ہے۔اس اسامی کیلئے لیول تھری کوچنگ کورس کی شرط رکھی گئی ہے، امیدوار کیلئے لازمی ہے کہ کوچنگ کورس کے ساتھ سابق انٹرنیشنل کرکٹر ہو اور 5سال بین الاقوامی کرکٹرز کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ رکھتا ہو، ٹیلنٹ کی نشاندہی اور کرکٹرز کو قومی ٹیم کیلئے تیار کرنا اس کی ذمہ داریاں ہوں گی۔ثقلین مشتاق ماضی میں سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کی اصلاح کیلئے معاونت ضرور کرتے رہے لیکن کبھی باضابطہ طور پر پی سی بی سے منسلک نہیں رہے، البتہ دیگر کئی ممالک ”دوسرا“ کے موجد سابق پاکستانی سپنر کی خدمات حاصل کرتے رہے ہیں، دوسری جانب سابق کرکٹر بازید خان کو بھی ہائی پرفارمنس سسٹم میں اہم ذمہ داریاں سونپے جانے کاامکان ہے، ندیم خان نے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس مقرر کئے جانے کے بعد قومی سلیکشن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ذمہ داری سنبھالنے کیلئے سابق فاسٹ بولر محمد اکرم مضبوط امیدوار ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں