پاکستانی کرکٹر عمر اکمل پر 3 سال کیلئے پابندی عائد کر دی گئی

کراچی(پی این آئی)پاکستانی کرکٹر عمر اکمل پر 3سال کیلئے پابندی عائد کر دی گئی،پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل پر اسپاٹ فکسنگ معاملے میں 3 سال کی پابندی عائد کردی گئی۔دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے عمر اکمل کے خلاف کیس کی سماعت نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ڈسپلنری پینل کے چیئرمین

جسٹس (ر) فضلِ میراں چوہان نے کی۔ جسٹس (ر) فضلِ میراں چوہان نے کیس کا مختصر فیصلہ سناتے ہوئے 3 سال تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی۔فیصلے کے مطابق کرکٹر عمر اکمل پر آئندہ تین برس کے لیے ہر طرح کی کرکٹ کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔ سماعت میں عمر اکمل اکیلے ہی ڈسپلنری پینل کے سامنے پیش ہوئے تھے۔سماعت سے قبل ہی فضل میراں چوہان نے فریقین کو نوٹس بھجوا رکھے تھے، جبکہ امکان تھا کہ ایک سے دو سماعتوں میں ہی فیصلہ آجائے گا۔ مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل نے فکسنگ کی پیشکش اور روابط کے بارے میں متعلقہ حکام کو بروقت آگاہ نہیں کیا تھا۔ بعد ازاں اینٹی کرپشن کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.4.4 کی دو بار خلاف ورزی پر عمر اکمل کو نوٹس آف چارج جاری کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ عمر اکمل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ تھے۔تاہم اب پابندی کے بعد وہ پی ایس ایل کے اسٹیج پر بھی دکھائی نہیں دیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں