کامران اکمل نے پی سی بی پر شدید تنقیدکر دی

لاہور (پی این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے لاک ڈاؤن کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے آن لائن فٹنس ٹیسٹ لینے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ سیزن کے دوران ہر دوسرے یا تیسرے مہینے کے بعد فٹنس ٹیسٹ دینا بہت مشکل ہے۔تفصیلات کے مطابق

کامران اکمل نے کہا کہ ”سیزن کے دوران ہر دوسرے یا تیسرے مہینے کے بعد فٹنس ٹیسٹ دینا بہت مشکل ہے۔ پی سی بی کو اس کے برعکس آف سیزن کے دوران کیمپ لگا کر کھلاڑیوں کو ٹریننگ دینی چاہئے جیسا کہ آنجہانی باب وولمر کیا کرتے تھے کیونکہ بہت زیادہ ٹریننگ ناصرف فاسٹ باؤلرز کیلئے انجری کا باعث بن سکتی ہے بلکہ بلے بازوں کی صلاحیتوں کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔“یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز صہیب مقصود ہفتے کے روز آن لائن فٹنس ٹیسٹ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ ان کے ٹیبل پر پڑا شیشہ ٹوٹ گیا اور کانچ کے ایک ٹکڑے سے ان کے بازوں پر گہرا زخم آیا تاہم اس کے بعد انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں کہا تھا کہ یہ ایک حادثہ تھا اور وہ پی سی بی کی جانب سے آن لائن ٹیسٹ کی پالیسی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔کامران اکمل نے مزید کہا کہ ” فٹنس بہت اہم ہے لیکن صلاحیتوں میں نکھار اور مزید صلاحیتوں کے حصول کیلئے سخت محنت زیادہ ضروری ہے اور کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو بہتر کرنے پر زیادہ وقت گزارنا چاہئے۔ چیف سلیکٹر مصباح الحق اچھی طرح جانتے ہیں کہ انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں طویل عرصے تک صرف صلاحیتوں کی بنیاد پر ہی کارکردگی دکھائی ہے۔“

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close