جرمنی (پی این آئی) مشہور جرمن باکسر ول ہیلیم اوٹ نے اسلام قبول کر لیا۔تفصیلات کے مطابق مشہور جرمن باکسر ول ہیلیم اوٹ نے لاک ڈاؤن کے دوران اسلام قبول کرنے کا اعلان کردیا۔مارشل آرٹس میں یورپین چیمپیئن شپ کا ٹائٹل جیتنے والے جرمن باکسر نے اسلام قبول کرنے کا اعلان ایک ویڈیو پیغام میں کیا ہے۔ان
کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث ہونے والے لاک ڈاؤن نے مجھے اس مذہب کو جاننے کا موقع دیا جس کے بعد میں نے اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ویڈیو میں جرمن باکسر نے کلمہ طیبہ بھی پڑھا اور اللہ اکبر کا نعرہ بھی لگایا۔سوشل میڈیا پر جرمن باکسر کو اسلام قبول کرنے پر مبارکباد دی جا رہی ہے اور دعائیں بھی دی جا رہی ہیں کہ وہ دین اسلام کو اپنے لوگوں میں پھیلانے کا سبب بنیں گے۔انہیں ایک تصویر میں قران پاک بھی پکڑے دکھایا گیا ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ کئی دنوں سے قرآن پاک کا مطالعہ کر رہے تھے،اسلام کو پڑھنے اور جاننے کے بعد ہی انہوں نے اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ول ہیلیم اوٹ نے اپنا اسلامی نام تاحال نہیں بتایا۔۔واضح رہے کہ جرمنی میں کورونا وائرس نے بہت تباہی پھیلائی، جرمنی میں حکام نے تصدیق کی ہے کہ کورونا وائرس کے متاثرین میں گذشتہ روز کے دوران 2458 افراد کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد کل متاثرین 139897 ہوگئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن حکام نے بتایا کہ ایک دن پہلے یہ تعداد 3609 تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق نئے مریض مسلسل بڑھ رہے تھے۔دوسری طرف 184 اموات کے اضافے کے ساتھ اب جرمنی میں مجموعی ہلاکتیں 4294 ہوگئی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں