پی ایس ایل فائیو کے بقیہ میچز کس ماہ میں کھیلے جائیں گے؟ ممکنہ تاریخ سامنے آگئی

لاہور(پی این آئی) پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز نومبر میں کروانے جانے کا امکان، رواں سال کے آخر میں بھی میچز کا انعقاد ممکن نہ ہوا تو پھر ملتان سلطانز کو چیمپئن قرار دے دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے ملتوی کر دیے جانے والے سیمی فائنل اور

فائنل میچز کا انعقاد ممکنہ طور پر نومبر کے ماہ میں ہو سکتا ہے۔نومبر کے ماہ تک کرونا وائرس کی صورتحال قابو میں آ جانے کا امکان ہے، جب اس وقت پاکستان کی کوئی کرکٹ سیریز بھی شیڈول نہیں، اسی لیے نومبر کے ماہ میں ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز کروائے جا سکتے ہیں۔ اگر کسی وجہ سے نومبر میں بھی میچز کا انعقاد نہ ہو سکا، تو پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ملتان سلطانز کو چیمپئن قرار دے دیا جائے گا۔اس سے قبل گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ فوری طور پر پاکستان سپر لیگ 2020ءکو ملتوی کردیا گیا ہے۔لیگ کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ چند روز قبل پاکستان چھوڑ کر جانیوالے ایک کھلاڑی میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔ مذکورہ کھلاڑی کی سکریننگ جلد مکمل کرلی جائے گی۔پی سی بی نے ایک ذمہ داراداراے کی حیثیت سے چاروں سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے سکواڈز میں شامل تمام کھلاڑیوں، اسپورٹ سٹاف، میچ آفیشلز، فرنچائز مالکان اور پروڈکشن کریو کے ٹیسٹ کے لیے تمام انتظامات کررکھے ہیں۔پی سی بی نے ان تمام افراد کو ٹیسٹ کی رپورٹ موصول ہونے تک سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ایک غیرملکی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد کیا گیا ہے، مذکورہ کھلاڑی کا ٹیسٹ کچھ دیر بعد انکے ملک میں ہوگا۔ وسیم خان نے کہاکہ پی سی بی لیگ میں شامل تمام افراد کے فوری ٹیسٹ کروانے کے لیے سہولیات فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا یہ صورتحال ہر گزرتے دن کیساتھ بدل رہی ہے، اس حوالے سے پی سی بی تمام صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔ وسیم خان نے کہاکہ پی سی بی اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہے۔انہوںنے واضح کیاکہ پی سی بی میچ اور نان میچ ڈیز پر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے تھرمل گن سے کھلاڑیوں، آفیشلزاور میڈیا نمائندگان کا بخار باقاعدگی سے چیک کرتا رہا ہے۔چیف ایگزیکٹو نے کہا پی سی بی کا ماننا ہے کہ ایونٹ کو ملتوی کرنے کا یہ بہترین وقت ہے اور اس سے قبل تمام ٹیموں کے مالکان کی مشاورت سے مختلف فیصلے لیے گئے جس میں بند دروازوں میں میچز کروانا ، کھلاڑیوں کو دستبرداری کی آپشن دیئے جانا، ایونٹ کی تاریخوں میں تبدیلی اور ٹورنامنٹ کے ایام کم کرنا شامل تھا۔انہوں نے کہاکہ یقینا یہ فیصلہ بھی تمام ٹیموں کے مالکان کی مشاورت سے لیا گیا ہے۔وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے اس وبا سے آگاہی اور نمٹنے میں حکومتی مہم کا حصہ بن کر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے کہاکہ پی سی بی پرامید ہے کہ روزمرہ کی زندگی میں جلد ہر چیز معمول پر آجائیگی اور ہم مداحوں کے لیے کرکٹ واپس لائیں گے۔پی سی بی نے اپنے تمام ڈومیسٹک مقابلے اور کرکٹ سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close