ہانیہ عامر ایک بار پھر خبروں میں ہیں، مگر اس بار وجہ ان کا کوئی ڈرامہ نہیں بلکہ ایک وائرل ویڈیو کال ہے جس نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس ویڈیو میں ہانیہ عامر کو ایک خاتون مداح کے ساتھ خوشگوار انداز میں گفتگو کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو کال کے دوران مداح نے نہ صرف اداکارہ کی خیریت دریافت کی بلکہ ان کے والدین کے بارے میں بھی پوچھا، جس پر ہانیہ نے نہایت اپنائیت سے جواب دیا۔ گفتگو کے دوران رمضان کے روزوں کا ذکر بھی آیا، جس پر اداکارہ نے بتایا کہ ان کے روزے اچھے گزر رہے ہیں اور ساتھ ہی کام بھی معمول کے مطابق جاری ہے۔ مداح نے ہانیہ کے حالیہ ڈرامے “میری زندگی ہے تو” کی تعریف بھی کی، جس پر اداکارہ نے مسکراتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
تاہم، گفتگو کا سب سے دلچسپ لمحہ وہ تھا جب مداح نے براہِ راست ہانیہ عامر سے ان کی شادی کے بارے میں سوال کر ڈالا۔ اس پر اداکارہ نے ہلکے پھلکے انداز میں جواب دیا کہ ابھی ان کی شادی نہیں ہوئی، البتہ انہوں نے مداح سے دعا کی درخواست ضرور کی۔ مداح نے بھی فوراً نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے اچھے نصیب کی دعا کی۔ یہ ویڈیو سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر تبصروں کی بھرمار ہوگئی، جہاں کچھ صارفین ہانیہ کے سادہ اور دوستانہ انداز کی تعریف کر رہے ہیں، تو کچھ ان کے جواب کو لے کر مختلف قیاس آرائیاں بھی کر رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






