معروف سٹیج اداکارہ دیدار کے شوہر کو انسانی سمگلنگ اور بیرون ملک ملازمتوں کے نام پر مبینہ فراڈ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) اسلام آباد اور لاہور کی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم جہانزیب کو حراست میں لیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے گارڈز کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی جس کے باعث آپریشن میں کچھ دیر کے لیے کشیدگی پیدا ہوگئی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق انسپکٹر عبداللہ کیانی کی سربراہی میں کارروائی کرنے والی ٹیم کو ملزم کے آٹھ گارڈز کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، جس پر صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے پنجاب پولیس سے اضافی نفری طلب کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم جہانزیب کو لاہور سے گرفتار کرنے کے بعد اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے کیونکہ وہ ایف آئی اے اسلام آباد زون کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم بیرون ملک ملازمت اور بھرتیوں کا جھانسہ دے کر ہزاروں افراد سے مبینہ طور پر کروڑوں روپے بٹور چکا ہے۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزم نے اسلام آباد کے سیکٹر جی الیون میں اپنا دفتر قائم کر رکھا تھا جبکہ لاہور میں بھی اسی نوعیت کا کاروبار چلا رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق سٹیج اداکارہ دیدار بھی مبینہ طور پر اپنے شوہر کے ساتھ اس دھندے میں ملوث پائی گئی ہیں، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں اور آئندہ دنوں میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔
واضح رہے کہ متعدد متاثرین ملزم جہانزیب کے خلاف شکایات اعلیٰ حکام تک پہنچا چکے تھے اور بعض متاثرین نے اس حوالے سے آرمی چیف کو بھی درخواستیں ارسال کی تھیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






