گووندا کی شادی اور افیئرز، سنیتا آہوجا نے سب کچھ کھول کر رکھ دیا

بالی ووڈ کے نامور اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے حالیہ پوڈکاسٹ میں اپنی ازدواجی زندگی، شوہر سے منسوب افیئرز اور طلاق کی افواہوں پر کھل کر بات کی ہے۔

گفتگو کے دوران سنیتا آہوجا نے ایک بار پھر گووندا سے علیحدگی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ان کے تعلقات اب بھی قائم اور مضبوط ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ وہ شوہر کی زندگی میں دیگر خواتین کے معاملے کو نظرانداز نہیں کرتیں۔ سنیتا کا کہنا تھا کہ اگر کبھی شوہر کی بے وفائی ثابت ہوگئی تو وہ کسی صورت معافی نہیں دیں گی۔ ان کے مطابق ان کا اور گووندا کا رشتہ اتنا کمزور نہیں کہ افواہیں اسے توڑ سکیں، لیکن کچھ اصول ایسے ہیں جن پر سمجھوتہ ممکن نہیں۔

پوڈکاسٹ کے دوران انہوں نے شوخ اور طنزیہ لہجے میں خاندانی ذمہ داریوں، بچوں کے مستقبل اور بطور والد گووندا کے کردار پر بھی گفتگو کی۔ سنیتا نے خاص طور پر بیٹے کے لیے مناسب توجہ نہ دینے پر اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ان کے درمیان نہ تو طلاق ہوئی ہے اور نہ ہی اس کا کوئی ارادہ ہے، اور وہ آج بھی ایک ہی گھر میں ساتھ رہ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گووندا اور سنیتا آہوجا کی شادی 1987ء میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں، بیٹی ٹینا آہوجا اور بیٹا یش وردھن آہوجا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close