معروف پاکستانی اداکارہ اور میزبان فضا علی نے اپنے سابق شوہر فواد فاروق کی دوسری شادی کے موقع پر حیران کن طور پر مثبت اور پُر وقار جذبات کا اظہار کیا ہے۔
فضا علی نے اپنی بیٹی فرال کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ اپنے والد کے ساتھ اُن کی زندگی کے نئے سفر کی تیاری کے لمحات قید کرتی نظر آتی ہے۔ ویڈیو کے ساتھ اداکارہ نے ایک طویل اور معنی خیز کیپشن تحریر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ زندگی ہمیشہ سیدھی راہ پر نہیں چلتی، بعض اوقات ایسے موڑ بھی آتے ہیں جہاں شور نہیں بلکہ صبر بولتا ہے۔ فضا علی کے مطابق یہ لمحہ انہیں اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ رشتے بدل سکتے ہیں، مگر عزت اور محبت باقی رہتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر کہانی کا اختتام تنازع یا تلخی پر نہیں ہوتا۔ فضا علی نے دل سے دعا کی کہ فواد فاروق کی زندگی کا نیا سفر خوشیوں، سمجھداری اور سکون سے بھرپور ہو۔ ان کے اس بیان کو سوشل میڈیا صارفین نے بالغ نظری اور مثبت سوچ کی مثال قرار دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






