معروف پاکستانی اداکارہ علیزے شاہ نے ہدایتکار اور پروڈیوسر یاسر نواز کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر انہوں نے آئندہ ان کا نام لیا تو وہ بلا کسی نوٹس کے قانونی کارروائی کریں گی۔
اداکارہ نے فوٹوز اور ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے یاسر نواز کو اپنی “آخری وارننگ” دے دی۔ ڈرامہ سیریل عہدِ وفا سے شہرت حاصل کرنے والی علیزے شاہ نے کہا کہ وہ یاسر نواز کے ساتھ ڈرامہ میرا دل میرا دشمن میں کام کر چکی ہیں اور اس بات کو پانچ برس گزر چکے ہیں، مگر اس کے باوجود یاسر نواز مختلف پلیٹ فارمز اور تقریباً ہر ٹاک شو میں ان کا ذکر کرتے رہتے ہیں۔ علیزے شاہ کے مطابق کبھی یاسر نواز معذرت کرتے ہیں اور کبھی یہ کہتے ہیں کہ ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ خوشگوار نہیں تھا۔ اداکارہ نے کہا کہ اب وہ اس معاملے کو مزید برداشت نہیں کریں گی اور اگر آئندہ کسی بھی شو یا پلیٹ فارم پر ان کا نام یا حوالہ لیا گیا تو وہ فوراً ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کریں گی۔
اداکارہ نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کے پاس تمام شوز کی رپورٹس اور ریکارڈنگز موجود ہیں۔ انہوں نے مزید خبردار کیا کہ اگر یہ رویہ بند نہ ہوا تو وہ انڈسٹری کے سامنے وہ اصل وجوہات بھی سامنے لے آئیں گی جن کی بنیاد پر یاسر نواز ان کے ساتھ کام کرنے سے نالاں رہے۔ علیزے شاہ نے یاسر نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “یقین کریں، یہ سب آپ کی شخصیت کے لیے بالکل بھی اچھا ثابت نہیں ہوگا۔” واضح رہے کہ یاسر نواز ماضی میں مختلف پروگرامز میں علیزے شاہ کے ساتھ کام کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کر چکے ہیں، جبکہ ان کی اہلیہ اور معروف میزبان ندا یاسر بھی اپنے شو میں یہ کہہ چکی ہیں کہ دونوں فنکاروں کے درمیان بطور کو-اسٹار کیمسٹری نہیں بن سکی، جو اس تنازع کی بڑی وجہ بنی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






