صبا قمر کے خلاف مقدمہ، درخواست دائر

پاکستان کی نامور اداکارہ صبا قمر پولیس کی وردی میں ویڈیو شوٹ کروانے کے بعد قانونی تنازعے کی زد میں آ گئی ہیں۔

صبا قمر کے خلاف پولیس یونیفارم پہن کر ویڈیو بنانے پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست عدالت میں دائر کر دی گئی ہے، جس پر لاہور کی عدالت نے سماعت کی۔ ایڈیشنل سیشن جج الیاس ریحان نے اداکارہ کے خلاف دائر درخواست پر ابتدائی سماعت کی۔ درخواست گزار وسیم زوار نے مؤقف اختیار کیا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں صبا قمر ڈریسنگ روم میں پولیس یونیفارم پہنے نظر آتی ہیں اور ان کی وردی پر ایس پی کا بیج بھی آویزاں ہے۔

درخواست گزار کے مطابق قانون کے تحت پولیس یونیفارم پہننے یا اس کی عکس بندی سے قبل متعلقہ ادارے سے این او سی لینا لازم ہوتا ہے، جو مبینہ طور پر حاصل نہیں کیا گیا۔ وسیم زوار نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے اس معاملے پر تھانہ پرانی انار کلی میں مقدمہ درج کروانے کی درخواست دی، تاہم پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 14 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close