بولی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ حال ہی میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور ذاتی زندگی کے متعدد پہلوؤں پر گفتگو کی۔ اس دوران ایک پاکستانی مداح کا کیا گیا سوال سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔
عالیہ بھٹ نے سیشن میں اپنے مداحوں کے سوالات کے جواب دیے اور بیٹی راہا کے بارے میں بھی بات کی۔ تاہم سب سے زیادہ توجہ اس وقت حاصل ہوئی جب ایک پاکستانی مداح نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ کبھی پاکستان آئیں گی۔
عالیہ کا جواب تھا کہ وہ وہاں جائیں گی جہاں ان کا کام انہیں لے جائے گا، جس پر مداحوں نے ان کے انداز اور خوبصورتی کو سراہا۔ ایک پاکستانی صارف نے لکھا کہ عالیہ نے اس سوال کو بہت خوبصورتی سے سنبھالا۔
بیٹی راہا کا ذکر کرتے ہوئے عالیہ نے کہا کہ ان کی بیٹی اب اتنی بڑی ہو چکی ہے کہ وہ سوالات کرنے لگی ہے، جیسے وہ کہاں جا رہی ہیں اور کب واپس آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ماں بننے کے بعد ان کی زندگی کی ترجیحات تبدیل ہو چکی ہیں اور اب سچائی اور ایمانداری ان کی اولین ترجیح ہے۔
فیسٹیول میں اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے عالیہ نے کہا کہ عالمی ایونٹس جیسے کانز اور میٹ گالا میں شرکت کے بعد وہ گھر واپس آ کر پاجامے میں پیزا کھانا پسند کرتی ہیں۔ وہ اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ وہ بے فکر اور جوش سے بھرپور تھیں، مگر اب وہ زیادہ پُرسکون ہو چکی ہیں اور ہر قدم پر ارادہ شامل ہوتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






