بالی وڈ میں چار دہائیوں سے زائد عرصہ گزارنے والی مشہور کوریوگرافر اور فلم ساز فرح خان نے برسوں پرانی ایک تلخ یاد کا انکشاف کیا ہے، جب ایک فلم ڈائریکٹر نے انہیں ہراساں کیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرح خان نے حال ہی میں ٹوئنکل کھنہ اور کاجول کے شو میں گفتگو کے دوران اپنی زندگی کے کئی پہلوؤں پر بات کی۔ اسی دوران انہوں نے بتایا کہ ایک فلم کے دوران وہ ایک نازیبا واقعے کا شکار ہوئیں۔ فرح خان کے مطابق، ’’میں اس ڈائریکٹر کی فلم میں کوریوگرافی کر رہی تھی۔ ایک دن میں اپنے کمرے میں گئی اور بستر پر بیٹھی تھی کہ وہ فلم ساز گانے پر بات کرنے کے بہانے میرے کمرے میں آیا اور میرے بہت قریب بیٹھ گیا۔‘‘
؎
انہوں نے کہا کہ اس نامناسب رویّے پر انہیں فوراً اسے کمرے سے باہر نکالنا پڑا۔ فرح خان نے بتایا کہ اُس وقت مالی حالات ایسے تھے کہ انہیں کام چھوڑنے کا تصور بھی نہیں تھا۔ ’’میں نے تب ہی طے کر لیا تھا کہ میں اتنے پیسے کماؤں گی کہ میرے بچوں کو کبھی ایسی کسی مجبوری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘‘ اس موقع پر پروگرام کی شریک میزبان ٹوئنکل کھنہ نے بھی تصدیق کی کہ وہ واقعے کی گواہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ’’وہ فلم ساز واقعی فرح کے پیچھے پڑا ہوا تھا۔ فرح کو چاہیے تھا کہ اسے وہیں سبق سکھا دیتیں۔‘‘
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






