معروف اداکارہ انتقال کر گئیں ، مداح افسردہ

امریکی اداکارہ اور تین بار آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والی ڈایان لیڈ 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ان کی بیٹی اور مشہور اداکارہ لورا ڈرن نے تصدیق کی کہ وہ کیلیفورنیا میں اپنے گھر پر وفات پا گئیں۔

ڈایان لیڈ نے سات دہائیوں پر مشتمل اپنے فنی سفر میں مضبوط اور پیچیدہ کردار نبھائے۔ انہیں فلموں ایلِس ڈز نٹ لِو ہئیر اینی مور، وائلڈ ایٹ ہارٹ اور ریمبلنگ روز میں شاندار اداکاری پر آسکر کی نامزدگیاں حاصل ہوئیں۔ وہ ٹی وی اور فلموں میں 120 سے زائد کردار ادا کر چکی تھیں، جن میں چائنا ٹاؤن، سِٹیزن رُوتھ، جائے اور این لائٹنڈ شامل ہیں۔

1935 میں امریکی ریاست مسسی سیپی میں پیدا ہونے والی ڈایان لیڈ نے نوعمری میں اداکاری کا آغاز کیا۔ انہوں نے نیویارک میں ماڈلنگ اور ڈانس سے اپنے کیریئر کی شروعات کی اور بعد ازاں ٹی وی ڈراموں پیری میسن اور دی فیو جیٹو میں کام کیا۔

1995 میں انہوں نے فلم مسز منک لکھی، اس کی ہدایت کاری کی اور اس میں خود بھی اداکاری کی۔ 2010 میں ڈایان لیڈ، ان کے سابق شوہر بروس ڈرن اور بیٹی لورا ڈرن کو ہالی ووڈ واک آف فیم پر مشترکہ ستارے سے نوازا گیا۔

بیماری کے باوجود انہوں نے 2023 میں اپنی بیٹی کے ساتھ یادگار کتاب ہنی، بیبی، مائن لکھی، جو ماں بیٹی کے درمیان زندگی، محبت اور جدوجہد پر مبنی گفتگوؤں پر مشتمل تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close