مداحوں کیلئے اہم خبر ،معروف اداکار اچانک چل بسے

اردو اور ہندی فلموں کے معروف اور مقبول اداکار ستیش شاہ انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر نے بالی ووڈ کو گہرے دکھ اور صدمے میں مبتلا کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق ان کی موت گردوں کی خرابی کے باعث ہوئی۔ وفات کے وقت ان کی عمر 74 سال تھی۔

ستیش شاہ نے اپنے فنی کیریئر میں امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان سمیت تمام بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔ وہ ٹی وی سیریل ’’یہ جو ہے زندگی‘‘ میں 55 مختلف کرداروں کی وجہ سے مشہور ہوئے، جن میں ہر کردار اپنی نوعیت کا منفرد تھا۔

ان کے مینیجر اور فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ذرائع نے ستیش شاہ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ طویل عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔

ستیش شاہ 25 جون 1951 کو ممبئی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے فلموں کے ساتھ ساتھ ٹیلی ویژن میں بھی کامیاب کیریئر بنایا۔ ان کا کردار ’’اندراودن سارابھائی‘‘ جو انہوں نے سیٹ کام ’’سارابھائی بمقابلہ سارابھائی‘‘ میں ادا کیا، بے حد مقبول ہوا اور انہیں ایک نئی شناخت دی۔

فلم ’’جانے بھی دو یارو‘‘ میں کمشنر ڈی میلو کے کردار میں ان کی شاندار اداکاری کو آج بھی یاد کیا جا رہا ہے۔ ان کی مزاحیہ اداکاری، برجستہ مکالمہ گوئی، اور کردار میں گہرائی پیدا کرنے کی صلاحیت نے انہیں بھارتی شوبز انڈسٹری میں ایک منفرد مقام دیا۔

انہوں نے اپنے فنی سفر میں 250 سے زائد فلموں میں کام کیا اور اپنی مزاحیہ اداکاری کے ذریعے لاکھوں مداحوں کے دل جیتے۔ ان کی ٹائمنگ، اظہار کی مہارت اور سنجیدہ و مزاحیہ کرداروں میں توازن نے انہیں ایک باوقار اداکار کے طور پر پہچنوایا۔

ستیش شاہ نے 1972 میں مدھو شاہ سے شادی کی۔ ان کی ازدواجی زندگی خوشگوار رہی، اور وہ اپنی نجی زندگی کو ہمیشہ میڈیا سے دور رکھتے تھے۔

ان کی وفات پر بالی ووڈ انڈسٹری اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ستیش شاہ کے مداح اور ساتھی اداکار انہیں بھارتی کامیڈی کی دنیا کا ستون قرار دے رہے ہیں۔ ان کا فن، ان کے کردار اور ان کی تخلیقی مزاح ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close