سنگاپور / نئی دہلی: بھارت کے معروف گلوکار، موسیقار اور اداکار زوبین گارگ 52 برس کی عمر میں سنگاپور میں سکوبا ڈائیونگ کے دوران پیش آنے والے ایک المناک حادثے کے باعث انتقال کر گئے۔ ان کی ناگہانی موت کی خبر نے شوبز انڈسٹری اور مداحوں کو شدید غمزدہ کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، زوبین گارگ کو سکوبا ڈائیونگ کے دوران اچانک طبی مسئلہ پیش آیا، جس کے بعد سنگاپور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں پانی سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال میں انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں داخل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں کی تمام تر کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے۔
زوبین گارگ کی اچانک موت کی خبر نے پورے بھارت، خصوصاً ان کی آبائی ریاست آسام اور شمال مشرقی علاقوں میں کہرام برپا کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات اور خراجِ عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
مداحوں کا کہنا ہے کہ زوبین گارگ نہ صرف ایک باصلاحیت گلوکار تھے بلکہ انہوں نے بھارتی موسیقی کو عالمی سطح پر متعارف کروانے میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی مشہور گیتوں میں “Ya Ali” جیسا سپر ہٹ گانا شامل ہے، جس نے انہیں ہر دلعزیز بنا دیا تھا۔
زوبین گارگ کی رحلت بھارتی موسیقی کی دنیا کا ایک ناقابلِ تلافی نقصان تصور کی جا رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں