پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے کیریئر کا آغاز کرنے والے سینئر اداکار انور علی طویل علالت کے بعد 65 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
انور علی کو زائد العمری کی وجہ سے متعدد طبی پیچیدگیوں کا سامنا تھا اور انہیں چند ہفتے قبل بھی پھیپھڑوں اور گردوں کی بیماری کے باعث ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق انور علی کو طبیعت خراب ہونے پر 31 اگست کو لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کیا گیا جہاں وہ یکم ستمبر کو انتقال کر گئے۔
انور علی نے پی ٹی وی کے کئی مشہور ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اور تھیٹر کے بھی معروف اداکار رہے۔ وہ نجی ٹی وی چینلز کے ڈراموں میں بھی کام کرتے رہے، لیکن گزشتہ چند سال سے بیماریوں اور زائد العمر کی وجہ سے اسکرین سے دور تھے۔
سینئر اداکار کو پھیپھڑوں اور گردوں کے دائمی امراض کے علاوہ دیگر طبی مسائل بھی لاحق تھے، جن کی وجہ سے انہیں بار بار ہسپتال میں داخل ہونا پڑا۔
انور علی کے انتقال پر شوبز کی دنیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں