پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار سید جبران نے ایک چونکا دینے والا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اڈیالہ جیل میں ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران حقیقی موت کے منہ سے بال بال بچے۔
جیو ٹی وی کے پروگرام ہسنا منع ہے میں گفتگو کرتے ہوئے سید جبران نے بتایا کہ وہ ایک ڈرامے کے لیے پھانسی کا سین ریکارڈ کر رہے تھے۔ اس دوران وہ پھانسی کے تختے پر کھڑے تھے اور لیور کھینچنے کا عمل فلمایا جانا تھا، تاہم اچانک لیور پھنس گیا اور شوٹنگ رک گئی۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر نے سین دوبارہ کرنے کا فیصلہ کیا اور جیسے ہی وہ تختے سے نیچے اترے، لیور دوبارہ کھینچا گیا اور تختہ اچانک کھل گیا۔ اگر وہ اس وقت پلیٹ فارم پر کھڑے رہتے تو ان کی جان جا سکتی تھی۔
سید جبران کے مطابق یہ لمحہ زندگی اور موت کے درمیان ایک خطرناک فاصلہ تھا۔ واقعے کے بعد پوری ٹیم سکتے میں آگئی اور انہیں فوری طور پر صدقہ دینے کا مشورہ دیا گیا۔ اداکار نے کہا کہ یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ زندگی لمحوں میں بدل سکتی ہے اور انسان کو ہر وقت شکر گزار رہنا چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں