حج و عمرہ کرنے کے بعد تنقید، صنم ماروی کا شکوہ

پاکستان کی معروف لوک گلوکارہ صنم ماروی نے کہا ہے کہ شوبز سے وابستہ ہونے کا ایک منفی پہلو یہ ہے کہ لوگ بلا جھجک آپ پر تنقید کرتے ہیں، چاہے وہ خود اپنی زندگی میں کتنی ہی مشکلات کا سامنا کر رہے ہوں۔

نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صنم ماروی نے بتایا کہ انہیں موسیقی کے شعبے میں کام کرنے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا رہتا ہے، خاص طور پر جب وہ حج یا عمرہ ادا کرنے کے بعد دوبارہ گانا شروع کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’لوگ کہتے ہیں کہ اوہ، آپ ابھی حج کر کے آئی ہیں اور اب پھر گانا گائیں گی؟‘‘ یا پھر پوچھتے ہیں کہ ’’کیا آپ حج کے بعد بھی یہ کام جاری رکھیں گی؟‘‘۔

صنم ماروی کا کہنا تھا کہ گانا گانا ان کا پیشہ ہے جس سے گھر کا خرچ چلتا ہے، اس لیے نہ وہ اسے چھوڑ سکتی ہیں اور نہ ہی عبادت ترک کر سکتی ہیں۔ ’’ہمارا دل بھی چاہتا ہے کہ ہم عام لوگوں کی طرح عبادت کریں، لیکن بدقسمتی سے لوگ یہ بات نہیں سمجھتے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ٹرولنگ کا جواب نہیں دیتیں اور خاموشی کو ہی بہتر سمجھتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close