ایک اور پاکستانی اداکار کی بھارتی فلم میں انٹری، دھوم مچ گئی

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے ممتاز اداکار عمران اشرف نے بھارتی پنجابی فلم انڈسٹری میں قدم رکھ دیا ہے۔ ان کی پہلی بھارتی پنجابی فلم اینا نوں رہنا سہنا نی آوندا کا ٹریلر حال ہی میں ریلیز کیا گیا، جس میں وہ ایک غیر قانونی تارک وطن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

فلم کی کہانی مزاح، جذبات اور سماجی مسائل کا دل چسپ امتزاج ہے۔ اس فلم میں عمران اشرف کے ساتھ بھارتی پنجابی گلوکار اور اداکار جسی گل بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔ ٹریلر کو ناظرین کی جانب سے خوب سراہا گیا ہے اور سوشل میڈیا پر عمران اشرف کو نیک تمناؤں اور دعاؤں سے نوازا جا رہا ہے۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ حالیہ دنوں میں بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر مختلف پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ فواد احمد کی فلم کو ریلیز سے روکا گیا جبکہ ہانیہ عامر کی فلم کو بھی دھمکیوں کا سامنا رہا۔ ان حالات کے باوجود عمران اشرف کا بھارتی فلم انڈسٹری میں کام کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارتی سینما اب بھی پاکستانی فنکاروں کی صلاحیتوں کو تسلیم کرتا ہے۔

فلم اینا نوں رہنا سہنا نی آوندا کو ابتدا میں 16 مئی کو ریلیز کیا جانا تھا، تاہم اب یہ فلم 22 اگست کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ عمران اشرف کا یہ قدم نہ صرف ان کی فنی صلاحیتوں کا اعتراف ہے، بلکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ثقافتی روابط کو فروغ دینے کی سمت ایک مثبت پیش رفت بھی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close