نعمان اعجاز کا معنی خیز پیغام وائرل

شوبز انڈسٹری کے معروف سینئر اداکار نعمان اعجاز کا جشنِ آزادی کے موقع پر ایک گہرا اور معنی خیز پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جو عوام کے جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔

اداکار نے انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ “وہ بچے جو 14 اگست کو سبز ہلالی پرچم، جھنڈیاں اور چراغاں کرتے تھے، ان کی آنکھوں میں پاکستان کے لیے روشن مستقبل، ایک باوقار قوم اور طاقتور وطن کے خواب ہوا کرتے تھے۔”

نعمان اعجاز نے لکھا کہ جیسے جیسے وہ بچے بڑے ہوئے، ان خوابوں کی جگہ مایوسی، ناانصافی، کرپشن، غربت اور عدم تحفظ نے لے لی۔ ریاستی نظام نے تعلیم، میرٹ اور روزگار کے مواقع سلب کر لیے، اور قابلیت سفارش کے نیچے دب کر رہ گئی۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست نے نہ عزت دی، نہ سہارا۔ نتیجتاً وہی نسل جو کبھی حب الوطنی کی علامت تھی، اب بیرونِ ملک جانے کے لیے پاسپورٹ اور ویزے کی قطاروں میں کھڑی ہے تاکہ وہ زندگی حاصل کر سکے جو اس نے پاکستان کے لیے خوابوں میں دیکھی تھی۔

اداکار نے اپنی پوسٹ کے آخر میں گہرے دکھ کے ساتھ کہا کہ “یہ صرف ہجرت نہیں، بلکہ ہمارے خوابوں کا جنازہ ہے، ایک ایسا خواب جسے ہم نے خود اپنے ہاتھوں سے دفن کر دیا۔”

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close