چاہت فتح علی خان نے ایک اور بڑا دعویٰ کر دیا

سوشل میڈیا پر اپنے منفرد انداز اور مزاحیہ گانوں سے مشہور ہونے والے چاہت فتح علی خان نے خود کو پاکستان کا نمبر ون گلوکار قرار دے کر ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا۔ ان کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کو جنم دیا ہے اور صارفین کی جانب سے سخت تنقید دیکھنے میں آئی ہے۔

ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے چاہت فتح علی خان نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں گلوکاری کے میدان میں پہلا نمبر ان ہی کا ہے، دوسرے نمبر پر عاطف اسلم اور تیسرے نمبر پر راحت فتح علی خان آتے ہیں۔ انہوں نے کہا، “عاطف اسلم کی آواز اچھوتی ہے، ابتدا میں وہ کچھ خاص نہیں تھے لیکن اب بہت اچھا کام کر رہے ہیں، اس لیے وہ دوسرے نمبر پر آتے ہیں۔”

راحت فتح علی خان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ بھی اچھے گلوکار ہیں، لیکن ان کے مطابق پہلا درجہ ہمیشہ چاہت فتح علی خان کا ہی رہے گا۔

ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین چراغ پا ہو گئے۔ ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا، “عاطف اسلم تو شرم کے مارے کسی کونے میں جا کر رو رہے ہوں گے۔” ایک اور صارف نے کہا، “یہ جان بوجھ کر ایسی باتیں کرتے ہیں تاکہ خبروں میں رہیں، اصل میں یہ کافی چالاک ہیں۔”

کئی افراد نے لکھا کہ “آپ واقعی نمبر ون ہیں، لیکن اگر گنتی پیچھے سے شروع کی جائے تو!” جبکہ ایک اور صارف کا کہنا تھا، “اب ہنسی نہیں آتی، بس افسوس ہوتا ہے۔”

واضح رہے کہ چاہت فتح علی خان کا مشہور مزاحیہ گانا “بدوبدی” سوشل میڈیا پر دنیا بھر میں وائرل ہوا تھا، جس پر بے شمار میمز اور ویڈیوز بن چکی ہیں۔ اس سے قبل بھی وہ اپنے انوکھے انداز اور مضحکہ خیز گائیکی کی وجہ سے کئی بار خبروں کی زینت بن چکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close