پاکستان کی معروف اور باصلاحیت اداکارہ صبا قمر کی طبیعت چند روز قبل اچانک ناساز ہو گئی، جس کے بعد انہیں لاہور کے ڈیفنس میں واقع ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اب ان کی بیماری کی اصل وجہ سامنے آ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، صبا قمر کو شوٹنگ کے دوران دمہ کا شدید حملہ ہوا، جس کے بعد انہیں سانس لینے میں دشواری اور جسمانی کمزوری محسوس ہونے لگی۔ فوری طور پر طبی امداد کے لیے انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ایمرجنسی میں ان کا علاج کیا۔
اسپتال ذرائع اور اہل خانہ کے قریبی افراد کا کہنا ہے کہ صبا قمر کا مکمل طبی معائنہ کیا گیا اور مختلف ٹیسٹ لیے گئے تاکہ کسی پیچیدگی کی نشاندہی ہو سکے۔ ڈاکٹروں نے انہیں کم از کم ایک ماہ کے آرام کا مشورہ دیا ہے تاکہ وہ مکمل صحتیاب ہو سکیں۔
یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ صبا قمر کو پہلے قائداعظم انٹرنیشنل اسپتال راولپنڈی کے آئی سی یو میں بھی داخل کیا گیا تھا، جہاں ان کا ابتدائی علاج جاری رہا۔ بعد ازاں، اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی ٹیم اور معالجین کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی اور ان تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعائیں کیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں