معروف اداکار کی لاش پارکنگ میں موجود گاڑی سے برآمد

جنوبی کوریا کی ایک نیوز ایجنسی کے مطابق، 4 اگست کو 55 سالہ معروف اداکار سونگ یونگ کیو کی لاش سیول کے قریب واقع ان کے رہائشی کمپلیکس میں کھڑی ایک گاڑی سے برآمد ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق صبح 8 بجے ان کی موت کی اطلاع ملی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی سے کسی قسم کا خودکشی نوٹ برآمد نہیں ہوا، اور نہ ہی کسی پرتشدد واقعے یا قتل کے شواہد ملے ہیں۔

حکام کے مطابق سونگ یونگ کیو کی موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جائے گا، جس کے نتائج کے بعد ہی حتمی فیصلہ ممکن ہوگا۔

سونگ یونگ کیو کا شمار جنوبی کوریا کے تجربہ کار اداکاروں میں ہوتا تھا۔ 2014 میں وہ سیول میں منعقدہ ٹی وی ڈرامے ’محبت اور شادی‘ کی پریس کانفرنس میں شریک ہوئے، جس کی شوٹنگ 27 ستمبر 2014 سے شروع ہوئی تھی۔ ان کا کیریئر کئی برسوں پر محیط تھا، اور 2019 میں ریلیز ہونے والی مشہور فلم ’ایکسٹریم جاب‘ میں ان کے کردار کو خاصی پذیرائی ملی تھی۔

تاہم، سونگ ایک تنازعے کا بھی حصہ بنے جب 2018 میں انہوں نے نشے کی حالت میں گاڑی چلائی۔ ان کے خون میں الکحل کی سطح حد سے زیادہ پائی گئی، جس کے باعث ان کا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کر دیا گیا۔ اس واقعے کے بعد انہیں تین منصوبوں سے الگ کر دیا گیا، جن میں ’دی ڈیفیکٹس‘، ’دی وننگ ٹرائے‘ اور اسٹیج ڈرامہ ’شیکسپیئر ان لو‘ شامل تھے۔

ان کی اچانک موت نے مداحوں اور کورین انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو افسردہ کر دیا ہے، اور تمام تر توجہ اب مارٹم رپورٹ پر مرکوز ہے تاکہ موت کی اصل وجہ سامنے آ سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close