منفرد لباس، علی سیٹھی کو شدید تنقید کا سامنا

پاکستانی گلوکار علی سیٹھی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے، لیکن اس بار وجہ ان کا نیا گانا اور اس میں اختیار کیا گیا منفرد لباس بنا، جس پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

علی سیٹھی، جنہیں ان کی سریلی آواز اور کلاسیکی گانوں کے جدید انداز میں گائے جانے پر عالمی شہرت حاصل ہے، حال ہی میں اپنا نیا گانا ’برائڈ گروم‘ لے کر آئے ہیں۔ یہ گانا انسٹاگرام پر ریلیز کیا گیا جس کے ساتھ شیئر کی گئی تصویر میں علی سیٹھی کو زرد رنگ کے اسکرٹ میں دیکھا جا سکتا ہے، جو گانے کے جذباتی پس منظر کی عکاسی کرتا ہے۔ گلوکار کے مطابق، یہ گانا ایک ایسی دلہن کے جذبات پر مبنی ہے جو اپنے دوستوں سے اپنے ہونے والے دولہے کے بارے میں سوالات کرتی ہے۔

اگرچہ گانے کے انداز اور موضوع کو کچھ حلقوں سے سراہا گیا، لیکن سوشل میڈیا پر ان کے لباس کو لے کر شدید تنقید دیکھنے میں آئی۔ کئی صارفین نے علی سیٹھی پر ’خفیہ ایجنڈا‘ پورا کرنے کا الزام لگایا، جب کہ بعض نے سوال اٹھایا کہ “مرد ہو کر خواتین کا لباس کیوں پہنا جا رہا ہے؟” ایک صارف نے طنزیہ انداز میں پوچھا، “اس پیلے اسکرٹ کے پیچھے آخر کہانی کیا ہے؟” یاد رہے کہ علی سیٹھی کا گانا ’پسوڑی‘ دنیا بھر میں مقبول ہوا تھا، جسے یوٹیوب پر 850 ملین ویوز اور اسپاٹی فائے پر ایک ارب سے زائد بار سنا جا چکا ہے۔ انہیں امریکا کے معروف میوزک فیسٹیول “کوچیلا” میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز بھی حاصل ہو چکا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close