درفشاں سلیم کا بلال عباس کے ساتھ نکاح؟ اداکارہ  نے خاموشی توڑ دی

پاکستانی اداکارہ درفشاں سلیم نے حالیہ انٹرویو میں اپنے ساتھی اداکار بلال عباس کے ساتھ تعلقات اور نکاح کی خبروں پر پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔

انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں درفشاں نے کہا کہ جب آپ رومانوی کردار نبھا رہے ہوں تو ساتھی اداکار کے ساتھ ہم آہنگی ضروری ہوتی ہے تاکہ اسکرین پر کیمسٹری بہتر نظر آئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا اور بلال عباس کا تعلق بھی پروفیشنل سطح پر ایسا ہی تھا، جس کی وجہ سے ناظرین نے ان کی جوڑی کو بے حد پسند کیا۔

جب میزبان نے ان افواہوں کا ذکر کیا جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ دونوں نے شادی کر لی ہے، تو درفشاں نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ ایسی باتوں کو نظر انداز کرتی ہیں کیونکہ یہ صرف افواہیں ہوتی ہیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی جیسے معاملات انتہائی نجی ہوتے ہیں اور اگر کبھی کچھ ایسا ہو تو لوگ خود تصاویر شیئر کرکے اعلان کرتے ہیں، اسے اتنے عرصے تک چھپانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

انہوں نے مزید کہا: “میرے والد نے مجھے سکھایا کہ نجی معاملات کو نجی ہی رکھنا چاہیے۔ میں اپنی ذاتی زندگی کو خفیہ نہیں بلکہ پرائیوٹ رکھتی ہوں، اور اس فرق کو سمجھتے ہوئے آگے بڑھتی ہوں۔” درفشاں نے یہ بھی واضح کیا کہ جب تک وہ خود چاہیں، اپنی زندگی کے ذاتی معاملات کو پرائیویٹ رکھ سکتی ہیں کیونکہ ان کا تعلق ایسے شعبے سے ہے جہاں ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کو الگ رکھنا ضروری ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close