اداکاراؤں کا تنازع شدت اختیار کر گیا، منسا ملک کا علیزے شاہ کو قانونی نوٹس

اداکارہ اور ماڈل علیزے شاہ ایک بار پھر تنازع کا شکار ہو گئی ہیں، اس بار ان کا جھگڑا اداکارہ منسا ملک سے ہوا ہے، جس نے معاملے کو قانونی سطح تک پہنچا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دونوں اداکارائیں ایک ڈرامے میں اکٹھے کام کر رہی تھیں جب مبینہ طور پر سیٹ پر جھگڑا ہوا۔ علیزے شاہ کے بقول منسا ملک نے انہیں تھپڑ مارا جس پر ردعمل میں علیزے نے غصے میں اپنی چپل منسا کے سر پر دے ماری۔ علیزے شاہ نے حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر ان لوگوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جنہوں نے انہیں نقصان پہنچایا، ان میں منسا ملک کا نام بھی لیا گیا۔ علیزے کے ان بیانات پر منسا نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ہتکِ عزت کا نوٹس بھجوا دیا ہے، جس میں علیزے سے 48 گھنٹوں کے اندر معافی کا مطالبہ کیا گیا ہے، بصورت دیگر قانونی کارروائی کی وارننگ دی گئی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ علیزے شاہ نے اس نوٹس کی تصویر اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر بھی شیئر کی، جس سے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ انٹرنیٹ صارفین بھی اس تنازع پر منقسم رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا، “پہلی بار سمجھ نہیں آ رہا کس کی بات پر یقین کیا جائے”، جب کہ ایک اور صارف نے طنزیہ تبصرہ کیا، “کیا شہرت کے لیے اب نوٹس بھی بھیجے جا رہے ہیں؟” معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ تنازع جلد قانونی کارروائی میں بدل سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close