یقین، حوصلہ اور زندگی سے محبت—یہ تین عناصر اگر کسی شخصیت میں مجسم ہو جائیں تو وہ امیتابھ بچن بن جاتے ہیں۔ بالی ووڈ کے شہنشاہ کہلانے والے امیتابھ بچن نہ صرف پردۂ سیمیں پر ایک عظیم اداکار ہیں بلکہ حقیقت کی دنیا میں بھی وہ ایک سچے ہیرو کے طور پر سامنے آئے، خاص طور پر اُس وقت جب زندگی نے ان کا کڑا امتحان لیا۔
26 جولائی 1982 کا دن بالی ووڈ کی تاریخ میں ایک افسوسناک دن کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔ فلم “قُلی” کی شوٹنگ کے دوران ایک خطرناک حادثے نے امیتابھ بچن کی جان خطرے میں ڈال دی۔ ایک ایکشن سین کے دوران ان کے ساتھی اداکار پونیت اسر کا مکا اتنی شدت سے ان کے پیٹ پر لگا کہ وہ میز سے ٹکرا کر گر پڑے۔ ابتدا میں چوٹ کو معمولی سمجھا گیا، لیکن چند دن بعد درد کی شدت میں اضافہ ہوا اور معاملہ سنگین ہوتا چلا گیا۔
جب امیتابھ کو اسپتال منتقل کیا گیا تو ڈاکٹروں نے پایا کہ ان کی آنتیں بری طرح متاثر ہو چکی ہیں، اندرونی زخموں سے انفیکشن پھیل چکا ہے، اور ان کی حالت بگڑتی جا رہی ہے۔ اس نازک موقع پر بریچ کینڈی اسپتال کے ماہر سرجن ڈاکٹر ایچ ایس بھاٹیہ اور ڈاکٹر واڈیا نے ان کا علاج شروع کیا۔ بخار 102 ڈگری تک پہنچ چکا تھا، دل کی دھڑکن غیر معمولی رفتار سے چل رہی تھی، اور زندگی کی امید دم توڑتی محسوس ہو رہی تھی۔
ایسے میں، ڈاکٹر واڈیا نے ایک آخری خطرناک مگر امیدافزا قدم اٹھایا۔ انہوں نے امیتابھ کو 40 ایمپول کورٹیسون اور ایڈرینالین کے انجیکشن لگائے۔ یہ ایک معجزہ ہی تھا کہ امیتابھ کی سانسیں بحال ہو گئیں اور زندگی دوبارہ ان کے جسم میں لوٹ آئی۔ بعد ازاں، امیتابھ بچن نے خود اپنے بلاگ میں اس لمحے کا ذکر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ طبی اعتبار سے چند منٹوں کے لیے واقعی موت کے دہانے پر جا چکے تھے۔
دو مہینے اسپتال میں گزارنے اور متعدد آپریشنز سے گزرنے کے بعد، وہ آہستہ آہستہ صحتیاب ہوئے۔ اس حادثے کے بعد جو حوصلہ اور جرات امیتابھ نے دکھائی، وہ ان کی شخصیت کی اصل پہچان ہے۔ وہ نہ صرف واپس آئے بلکہ پہلے سے بھی زیادہ مضبوطی اور کامیابی کے ساتھ فلمی دنیا پر چھا گئے۔
آج، جب وہ 82 برس کے ہو چکے ہیں، ان کی زندگی ایک مثال بن چکی ہے—ایسی مثال جو یہ سکھاتی ہے کہ زندگی چاہے جتنی بھی مشکل ہو، اگر حوصلہ ہو، تو فتح ممکن ہے۔ امیتابھ بچن کی یہ کہانی صرف ایک فلمی اداکار کی نہیں، بلکہ ایک اصل زندگی کے ہیرو کی داستان ہے، جو موت سے لڑ کر جیت گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں