دلجیت پر تنقید، ناصر چنیوٹی کا بھارتی مداحوں کو پیغام

پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ فلم سردار جی 3 میں کام کرنے پر بھارتی اداکار دلجیت دوسانجھ کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس پر فلم کے شریک اداکار اور معروف پاکستانی کامیڈین ناصر چنیوٹی نے بھارتی مداحوں کو محبت اور امن کا پیغام دیا ہے۔

فلم سردار جی 3، جسے دنیا بھر میں 27 جون کو ریلیز کیا گیا، بھارت میں انتہا پسندوں کے دباؤ کی وجہ سے ریلیز نہ ہو سکی۔ فلم میں ہانیہ عامر کے ساتھ ساتھ ناصر چنیوٹی نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ فلم کی ریلیز کے بعد دلجیت دوسانجھ کو بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے ناصر چنیوٹی نے ایک ویڈیو پیغام میں بھارتی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے فنکار دلجیت دوسانجھ کے ساتھ محبت اور حمایت کا اظہار کریں۔

ناصر چنیوٹی نے کہا، “دلجیت دوسانجھ آپ کا اپنا فنکار ہے، آپ کا بھائی ہے۔ براہِ کرم اُس سے محبت کریں۔ اُس نے ہمارے لیے آواز بلند کی، اس پر ہمیں اس سے اور بھی زیادہ محبت ہوئی ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور اوورسیز ناظرین نے فلم کو بے پناہ محبت دی ہے جس پر وہ شکر گزار ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی وضاحت کی کہ “یہ فلم حالیہ پاک بھارت کشیدگی سے بہت پہلے بن چکی تھی، لہٰذا غیر ضروری باتوں سے دلجیت کو نیچا دکھانے کی کوشش نہ کی جائے۔”

ناصر چنیوٹی کے اس پیغام کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان فن کے ذریعے تعلقات بہتر بنانے کی ایک مثبت کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close