پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا نے برطانوی حکومت سے جذباتی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہیں برطانیہ کا ویزا جاری کیا جائے تاکہ وہ اپنی بیمار بہن سے لندن میں ملاقات کر سکیں۔
میرا نے ایک ویڈیو پیغام میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے اپیل کی کہ اُن کی ویزا درخواست پر ہمدردی سے غور کیا جائے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اُن کی بہن کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہے اور زیرِ علاج ہے۔اداکارہ کا کہنا تھا: “میری بہن لندن میں ہے، میری فیملی اور میرا گھر وہیں ہے، لیکن ایک غلط فہمی کی وجہ سے مجھے برسوں سے ویزا نہیں ملا۔” انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ویزا درخواست کے ساتھ اپنی بہن کی تمام میڈیکل رپورٹس بھی جمع کروا دی ہیں اور برطانوی ہائی کمیشن سے التجا کی ہے کہ اس بار ان کی فریاد سنی جائے۔
خیال رہے کہ رواں سال فروری میں میرا کی والدہ شفقت زہرہ نے انکشاف کیا تھا کہ اداکارہ کو انگریزی زبان نہ آنے کی وجہ سے برطانوی امیگریشن حکام نے 10 سال کے لیے برطانیہ میں داخلے سے روک دیا تھا، تاہم اب یہ پابندی ختم ہو چکی ہے۔ اداکارہ میرا کی یہ اپیل سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے اور ان کے مداح ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں