اداکارہ حمیرا اصغر کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات، کتنی رقم موجود؟

کراچی: معروف ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جس سے انکشاف ہوا ہے کہ ان کے نجی بینک کے کرنٹ اکاؤنٹ میں 3 لاکھ 98 ہزار روپے سے زائد رقم موجود تھی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں واقع فلیٹ سے اداکارہ کی لاش ملنے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق حمیرا اصغر کے بینک اکاؤنٹ کا ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے، جس سے معلوم ہوا ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً اے ٹی ایم کے ذریعے 25 یا 50 ہزار روپے نکالتی تھیں، اور ان کی ٹرانزیکشنز سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ کسی مالی دباؤ کا شکار نہیں تھیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اداکارہ کے دیگر ممکنہ بینک اکاؤنٹس کی معلومات حاصل کرنے کے لیے مزید بینکوں کو خطوط بھیجے گئے ہیں۔

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ حمیرا کے فلیٹ سے کوئی زیورات یا نقد رقم برآمد نہیں ہوئی، جسے پولیس نے تفتیش کا حصہ بنا لیا ہے۔ فلیٹ سے مئی 2024 تک کے یوٹیلیٹی بلز اور کرایہ کی رسیدیں بھی ملی ہیں۔

تفتیشی حکام کے مطابق اداکارہ کی موت سے قبل گھر میں کپڑے دھونے کے شواہد بھی ملے ہیں۔ ان کی لاش بیڈ روم سے ملحقہ کمرے میں موجود تھی، جس کے واش روم کے ٹب میں کپڑے پڑے تھے جبکہ کمرے کی بالکونی کا دروازہ کھلا ہوا تھا۔

حکام نے مزید بتایا کہ حمیرا کی موت ممکنہ طور پر 7 اکتوبر 2024 کو ہوئی تھی، جب کہ پڑوسیوں نے دسمبر 2024 میں فلیٹ سے بدبو کی شکایت کی۔ تاہم 8 جولائی 2025 کو عدالتی حکم پر بیلف، پولیس اور تالہ توڑنے والے شخص کے ہمراہ فلیٹ کھولا گیا تو اندر سے ان کی لاش ملی۔

یاد رہے کہ 42 سالہ حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز 6 میں واقع ان کے کرائے کے اپارٹمنٹ سے ملی تھی۔ یہ دریافت اس وقت ہوئی جب بقایا کرایہ نہ ادا کیے جانے پر عدالتی حکم کے تحت فلیٹ کو خالی کرانے کی کارروائی کی جا رہی تھی۔

پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں قتل کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اپارٹمنٹ اندر سے بند تھا اور زبردستی داخلے کے کوئی آثار نہیں ملے۔ حتمی موت کی وجہ جاننے کے لیے فورنزک رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close