سنیما ہال کی چھت گرگئی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ہالی وڈ کی ہارر تھرلر فلم’ فائنل ڈیسٹینیشن: بلڈ لائنز’ کی اسکریننگ کے دوران سنیما ہال کی چھت گرگئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ارجنٹائن کے دارالحکومت لا پلاٹا کے سنیما ہال میں ہارر فلم ’فائنل ڈیسٹینیشن: بلڈ لائنز‘ کی نمائش جاری تھی جس دوران شدید بارشوں کے نتیجے میں سنیما ہال کی چھت گرپڑی جب کہ حادثے میں ایک خاتون زخمی ہوگئی۔حادثے میں زخمی ویلاورڈے نامی خاتون اپنی 11 سالہ بیٹی اور ایک دوست کے ساتھ فلم دیکھنے گئی تھیں اس دوران وہ چھت کا ملبہ گرنے سے زخمی ہوگئیں۔
خاتون نے بتایا کہ ’چھت گرتے وقت ایک زوردار آواز سنائی دی لیکن پہلے ہمیں یہ محسوس ہوا کہ یہ فلم کا حصہ ہے کیونکہ ہم فلم میں مکمل ڈوبے ہوئے تھے لیکن اس کے فوراً بعد ملبے کا ایک ٹکڑا مجھ پر آگرا، خوش قسمتی سے جھکے ہونے کی وجہ سے میں سر کی چوٹ سے بال بال بچ گئی لیکن چھت سے گرے ملبے نے میرے کندھے، کمر، گھٹنے اور ٹخنوں کو متاثر کیا‘ ۔جائے حادثہ کی ویڈیو فوٹیج میں چھت میں ہوئے سوراخ اور سنیما میں بکھرے ہوئے ملبے کو دکھایا گیا ہے، چھت کا ملبہ گر تے وقت لوگوں کی طرف سے چیخ وپکار بھی سنی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ ہالی وڈ کی ہارر تھرلرفلم فائنل ڈیسٹینیشن: بلڈ لائنز’ 16 مئی کو سنیما گھروں کی زینت بنی ہے جب سے اب تک اس فلم نے کمائی کے سارے ریکارڈز توڑڈالے ہیں جب کہ فلم کی کہانی میں پراسرار طریقوں سے موت کا شکار ہونے والے خاندان کو دکھایا گیا ہے
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں