4 شادیوں سے متعلق بیان پر معافی

معروف پاکستانی اداکار اور میزبان دانش تیمور نے اپنے 4 شادیوں سے متعلق بیان پر معافی مانگ لی۔

دانش تیمور حال ہی میں اپنی رمضان ٹرانسمیشن کے دوران دیے گئے ایک بیان کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں ہیں، نجی ٹی وی پر نشر ہونے والے اس شو میں دانش تیمور نے 4 شادیوں سے متعلق بات کی تھی، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردِعمل دیا۔دانش تیمور نے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ مجھے 4 شادیوں کی اجازت خدا کی طرف سے ہے، میں کر نہیں رہا ’فی الحال‘ یہ اور بات ہے۔

ان کے اس بیان میں ’فی الحال‘ کے لفظ نے تنازع کو جنم دیا کیونکہ کئی سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں نے اسے اس طرح لیا کہ گویا وہ مستقبل میں مزید شادیاں کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ معاملہ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور مداحوں نے مختلف پلیٹ فارمز پر اپنے غصے کا اظہار کیا۔شدید تنقید کے بعد دانش تیمور نے اپنے مداحوں کے لیے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے بیان پر معذرت کی اور اپنی بات کو مزید واضح کیا۔

ویڈیو میں دانش تیمور نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ آپ سب مجھ سے ناراض ہیں، کچھ لوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ میں نے اپنی بیوی عائزہ خان کی بے عزتی کی ہے، لیکن ایسا بالکل بھی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اپنی بیوی سے بے حد محبت کرتا ہوں، میں عام طور پر ’فی الحال‘ کا لفظ بہت زیادہ استعمال کرتا ہوں اور اس کا مطلب یہی ہوتا ہے کہ میں اس وقت کسی چیز کے بارے میں نہیں سوچ رہا، میں ہمیشہ حال میں جیتا ہوں اور مستقبل کے بارے میں زیادہ بات نہیں کرتا، کیونکہ ایک دن ہم سب نے مر جانا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں مانتا ہوں کہ میں نے غلطی سے یہ لفظ مولانا صاحب کے ساتھ گفتگو کے دوران استعمال کیا، لیکن اگر آپ سب کو میری اس بات سے تکلیف پہنچی ہے تو میں دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہوں۔دانش تیمور کے بیان پر جہاں تنقید ہو رہی تھی، وہیں مداحوں میں یہ چہ مگوئیاں بھی شروع ہو گئی تھیں کہ کہیں ان کے اور عائزہ خان کے درمیان اختلافات تو نہیں؟ تاہم اس ویڈیو کے بعد عائزہ خان نے بھی ردِعمل دیا اور دانش تیمور کے حق میں تبصرہ کرتے ہوئے ان سے محبت کا اظہار کیا۔

عائزہ خان نے پوسٹ پر کمنٹ میں لکھا کہ میں آپ سے بہت پیار کرتی ہوں، خدا ہمیں ہمیشہ ساتھ رکھے۔دانش تیمور کی وضاحت کے بعد ان کے مداحوں میں ملا جلا ردِعمل دیکھنے کو ملا، کچھ لوگوں نے ان کے معذرت خواہانہ انداز کو سراہا اور انہیں سپورٹ کیا، جبکہ کچھ صارفین نے کہا کہ انہیں اپنے الفاظ کے انتخاب میں زیادہ محتاط رہنا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close