کامیڈین گلوکار و آرٹسٹ چاہت فتح علی خان نے اپنا ٹیلنٹ نئی نسل کو منتقل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ملک میں میوزک، ایکٹنگ اینڈ ماڈلنگ اکیڈمی و ایجنسی کھولنے کا اعلان کردیا۔چاہت فتح علی خان کو ان کی ویڈیوز اور گانوں کو مزاحیہ انداز میں گانے کی وجہ سے پسند کیا جاتا ہے، ان کے مداح پاکستان اور بھارت کے علاوہ دیگر ممالک میں رہنے والے پاکستانی اور بھارتی بھی ہیں۔
اگرچہ چاہت فتح علی خان کو مقبول اور معروف گانوں کی نقل بے ڈھنگے انداز میں کرنے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، تاہم اس باوجود ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر ٹرینڈنگ کرتی دکھائی دیتی ہیں۔اب انہوں نے اپنا ٹیلنٹ نئی نسل کو منتقل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ملک میں میوزک، ایکٹنگ اینڈ ماڈلنگ اکیڈمی کھولنے کا اعلان بھی کردیا۔
چاہت فتح علی خان حال ہی میں ’سنو ٹی وی‘ کے پروگرام میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر بات کی اور یہ بھی بتایا کہ جلد ہی ان کے میوزک ایلبم ریلیز ہونے والے ہیں۔پروگرام کے دوران ایک نوجوان لڑکی کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ وہ جلد ہی پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں اکیڈمی کھولنے جا رہے ہیں۔
چاہت فتح علی خان نے کہا کہ وہ مذکورہ پروگرام کے توسط سے اپنے مداحوں اور نئی نسل کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ وہ جلد ہی لاہور میں میوزک، ایکٹنگ اینڈ ماڈلنگ اکیڈمی کھولنے جا رہے ہیں۔جب ان سے پوچھا گیا کہ مذکور اکیڈمی میں کون سے افراد سیکھنے آئیں گے؟ وہ جن کے پاس کوئی ٹیلنٹ نہیں یا پھر وہ جن کے پاس بہت ٹیلنٹ ہوگا؟
اس پر چاہت فتح علی خان نے پروگرام کی میزبان کو مسکراتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے وہ انہیں اکیڈمی میں داخل کرکے گھر سے ابتدا کریں گے۔کامیڈین گلوکار کا کہنا تھا کہ وہ نہ صرف گلوکاری بلکہ اداکاری اور ماڈلنگ سکھانے کے لیے بھی اکیڈمی اور ایجنسی کھولنے جا رہے ہیں۔اسی دوران انہوں نے فرمائش پر ماڈلنگ کے کرتب بھی دکھائے اور منفرد کیٹ واک بھی کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں