اسلام آباد(پی این آئی)سیف علی خان کی سرجری کردی گئی اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے جبکہ ممبئی پولیس نے ایک مشتبہ شخص کی شناخت بھی کر لی ہے۔
بالی ووڈ انڈسٹری کے چھوٹے نواب، معروف اداکار سیف علی خان پر جان لیوا حملہ کرنے والے ملزم کی تصویر منظرعام پر آگئی، اداکار پر حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ باندرہ میں اپنے اپارٹمنٹ کی 12 ویں منزل پر تھے، ملزم کی تصویر چھٹے فلور پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوئی، ملزم کو آخری مرتبہ پربھادیوی کے علاقے میں دیکھا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سیف علی خان کے گھر پر پیش آئے واقعے کی پولیس نے سی سی ٹی وی ویڈیوز بھی حاصل کر لی ہیں جس کی مدد سے تحقیقات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے،پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم چوری کی نیت سے آیا یا مقصد کچھ اور تھا، تحقیقات جاری ہے، ملزم سٹاف میں سے ہی کسی کی مدد سے گھر میں داخل ہوا۔
پریس کانفرنس میں ممبئی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے ایک ملزم کی شناخت کر لی ہے، ملزم نے خان کے گھر میں داخل ہونے کے لیے عمارت کی آگ لگنے کی صورت میں ہنگامی راستے کی سیڑھیوں کا استعمال کیا تھا اور اس کا مقصد گھر میں لوٹ مار کرنا تھا۔ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈکشٹ گیڈم نے بتایا کہ تحقیقات سے پتا چلتا ہے ایک شخص سیف علی خان کے گھر میں داخل ہوا اور اس کا سامنا پہلے سیف علی خان کے گھریلو ملازمین سے ہوا تاہم جب سیف علی خان نے مداخلت کرنے کی کوشش کی تو اس شخص نے ان پر حملہ کر دیا۔
پولیس اس کی بھی جانچ رہی ہے کہ حملہ آور نے عمارت کی سیکیورٹی کو کس طرح نظرانداز کیا، اور اس سلسلے میں سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ وہ ملزم کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں کر رہے ہیں اور اس کیس پر 10 تفتیشی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔اداکار پر حملہ کرنے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگیا تھا اور زخمی سیف علی خان کو ان کے بیٹے ابراہیم علی خان اور ایک ملازم نے ہسپتال پہنچایا۔
رپورٹس کے مطابق سیف علی خان پر چاقو کے 6 وار کیے گئے، ڈاکٹروں نے بتایا کہ اداکار کو گہرے زخم آئے، جن میں سے ایک ریڑھ کی ہڈی کے قریب اور دوسرا بائیں ہاتھ کی کلائی پر تھا جس وجہ سے اداکار کی سرجری کی گئی اور اب اداکار کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں