بھارت کے معروف اداکار سیف علی خان پر چاقو حملے کے بعد پولیس نے حملہ آور کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی۔بھارتی میڈیا این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس ذرائع نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ حملہ آور اپارٹمنٹ میں چوری کرنا چاہتا تھا، وہ ملحقہ راستے سے کمپاؤنڈ میں داخل ہوا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مشتبہ شخص اداکار کے گھر کی سیڑھی سے داخل ہو رہا ہے، اس نے ٹی شرٹ اور جینز پہن رکھی ہے جبکہ اس کے کندھے پر نارنجی رنگ کا اسکارف ہے۔پولیس ذرائع نے ادارکار کے گھریلو عملے کا حوالے دیتے ہوئے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ حملہ آور نے سیف علی خان سے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ سیف علی خان 16 جنوری کو رات دیر گئے تقریبا ڈھائی بجے ان کے ممبی کے پوش علاقے باندرا میں گھر میں مبینہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر حملہ آور نے زخمی کر دیا تھا۔رپورٹس کے مطابق سیف علی خان پر چاقو کے 6 وار کیے گئے، جس میں سے دو وار شدید تھے اور دو وار ریڑھ کی ہڈی کے قریب کیے گئے تھے۔
بعد ازاں، شدید زخمی ہونے والے بولی وڈ اداکار سیف علی خان کی سرجری کردی گئی تھی، بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ نے سیف علی خان کی ٹیم کی جانب سے جاری کردہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ڈاکٹروں نے اداکار کی حالت خطرے سے باہر قرار دے دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں