معروف بالی ووڈ اداکار اغوا

اسلام آباد(پی این آئی) بالی وڈ کے سینئر اداکار اور کامیڈین مشتاق خان کے بھی اغواکاروں کے ہتھے چڑھنے کا انکشاف ہوا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتاق خان کے بزنس پارٹنر شیوم یادیو نے کامیڈین کے 24 گھنٹے تک اغوا کاروں کی تحویل میں رہنے کا انکشاف کیا ہے۔شیوم یادیو نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ’مشتاق خان کو میرٹھ میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے بہانے اغوا کرلیا گیا تھا، اس تقریب میں شرکت کیلئے مشتاق کو ایڈوانس پیمنٹ اور ٹکٹس تک بھیجے گئے تھے‘ ۔شیوم یادیو نے بتایا کہ ’کامیڈین مشتاق خان جب دہلی پہنچے تو انہیں بذریعہ کار بجنور پہنچایا گیا جہاں پہنچ کر اغواکاروں نے مشتاق کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ایک کروڑ بھارتی روپے تاوان طلب کیا‘۔

مشتاق خان کے بزنس پارٹنر کا بتانا ہے کہ ’اغوا کار مشتاق کو تقریباً 12 گھنٹے تک تشدد کا نشانہ بناتے رہے، اس دوران انہوں نے ایک کروڑ روپے کے تاوان کا مطالبہ کیا اور بلآخر وہ کامیڈین اور ان کے بیٹے کے اکاؤنٹ سے 2 لاکھ روپے نکالنے میں کامیاب ہوگئے‘۔مشتاق خان کے اغوا کاروں کی گرفت سے بھاگ نکلنے سے متعلق شیوم یادیو نے بتایا کہ’ اغوا کیے جانے کے بعد اگلی صبح فجر کی اذان سن کر مشتاق نے محسوس کیا کہ مسجد قریب ہے اور آس پاس کوئی موجود بھی نہیں لہٰذا وہ وہاں سے بھاگ نکلے، ان کا فرار کسی ہندی فلم کے سین جیسا ہی تھا، مسجد پہنچ کر انہوں نے وہاں کے لوگوں اور پولیس کی مدد لی اوربحفاظت گھر پہنچ گئے‘۔

شیوم یادیو کے مطابق مشتاق خان نے اپنے اغوا ہونے سے متعلق ایف آئی آر درج کروادی ہے اور پولیس اغواکاروں کی تلاش کررہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close