بالی وڈ اداکارہ کے 14 سالہ بیٹے کی لاش برآمد، دوست گرفتار

بھارتی ٹی وی کی مشہور اداکارہ سپنا سنگھ کے بیٹے کی لاش ملنے کے بعد مقتول کے 2 دوستوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ سپنا سنگھ کا 14 سالہ بیٹا مشتبہ حالت میں مردہ پایا گیا تھا جس کے بعد والدہ نے بریلی میں احتجاج کیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کے بیٹے کی لاش اتوار کو عزت نگر پولیس اسٹیشن کے علاقے سے ملی تھی۔پولیس کی جانب سے کارروائی کی یقین دہانی کرانے کے بعد سپنا سنگھ نے ڈیڑھ گھنٹے بعد احتجاج ختم کیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق لڑکے کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی صحیح وجہ کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے تاہم رپورٹ میں زہر یا منشیات کی زیادہ مقدار کا ذکر موجود ہے۔

سپنا سنگھ کے بیٹے ساگر گنگوار کے دوست انوج اور سنی کو قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔بھارتی پولیس کے مطابق انوج اور سنی نے پوچھ گچھ کے دوران اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ساگر کے ساتھ منشیات اور شراب نوشی کی تھی، زیادہ مقدار کی وجہ سے ساگر گر گیا تھا۔لڑکے کے دوستوں نے بتایا کہ گھبرا کر وہ ساگر کو اسی حالت میں گھسیٹ کر ایک کھیت میں لے گئے اور اسے وہیں چھوڑ دیا۔پولیس کے مطابق ساگر آٹھویں جماعت کا طالب علم تھا اور بریلی کے علاقے آنند وہار کالونی میں اپنے ماموں اوم پرکاش کے ساتھ رہ رہا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں