ایک کامیڈی شو کے دوران ابھیشیک بچن اپنے والد امیتابھ بچن سے متعلق مذاق کیے جانے پر شو چھوڑ کر چلے گئے تھے۔
مذکورہ واقعہ 2022 میں اداکار رتیش دیشمکھ کے ایک شو کیس تو بنتا ہے کا ہے جس میں ابھیشیک کے غصے نے دیکھنے والوں پر سکتہ طاری کردیا۔ کامیڈین پریتوش تریپاٹھی نے امیتابھ بچن کے ہاتھوں کے بارے میں بات کی اور انہیں ٹرول کرنے لگے جس پر ابھیشیک بچن سیخ پا ہوگئے۔ انہوں نے کامیڈین کو انکی اداکاری روکنے کا کہا۔
ابھیشک بچن نے کہا، ’میں کامیڈی سمجھتا ہوں، لیکن اس میں والدین کو بیچ میں نہ لائیے۔ مذاق مجھ تک رکھیے میرے والد تک نہیں۔ وہ میرے والد ہیں اور یہ سب دیکھ کر مجھے اچھا نہیں لگتا اور یہی وجہ ہے کہ میں یہ سب کہہ رہا ہوں، یہاں کچھ عزت ہونی چاہیے۔ کامیڈی کو یہ لکیر پار نہیں کرنا چاہیے۔‘ شو کے ڈائریکٹر نے جب ابھیشیک بچن کو سمجھانے کی کوشش کی تو وہ کہنے لگے، ’مجھے کہنے دیجیے جو مجھے کہنا ہے۔ میں کوئی بیوقوف نہیں ہوں۔‘
یہ کہتے ہوئے جب ابھیشیک سیٹ سے باہر چلے گئے تو نہ صرف سامعین بلکہ شو کے میزبان رتیش دیشمکھ بھی کامیڈین سے اس حوالے سے بات کرنے لگے، جس پر کامیڈین نے کہا، ’میرا مقصد ابھیشیک کو دکھ پہنچانا نہیں تھا۔‘ جب یہ دونوں یہ بات کر رہی رہے تھے کہ اس دوران ابھیشیک واپس سیٹ پر آئے اور ہنستے ہوئے اس کامیڈین سے کہا کہ میں بھی مذاق کر رہا تھا۔ انہوں نے کامیڈین کو گلے لگایا اور کہا ’ٹرولنگ کے اس کھیل میں، میں آپکا باس ہوں‘۔ اس کے بعد شو کے دوران قہقہے لگ گئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں