سلمان خان سے 5 کروڑ کا مطالبہ کرنے والا پکڑا گیا

بدنامِ زمانہ بھارتی گینگسٹر لارنس بشنوئی کے نام پر بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان سے بھاری رقم کا مطالبہ کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ حال ہی میں لارنس بشنوئی گینگ کے ایک مبینہ رکن کی جانب سے ممبئی ٹریفک پولیس کو واٹس ایپ پر پیغام موصول ہوا تھا، جس میں مبینہ طور پر بشنوئی گینگ نے دیرینہ دشمنی ختم کرنے کے لیے سلمان خان سے 5 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا اور رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی تھی۔پولیس کے مطابق ٹریفک پولیس کو دھمکی آمیز پیغام موصول ہونے کے بعد انہوں نے نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے جمشید پور میں مقامی پولیس کی مدد سے تحقیقات کیں اور جس شخص نے پیغام بھیجا تھا اسے جھارکھنڈ سے گرفتار کر لیا گیا ہے، اب اسے ممبئی منتقل کیا جائے گا۔خیال رہے کہ اس سے قبل ابتدائی دھمکی آمیز پیغام 18 اکتوبر کو ممبئی ٹریفک پولیس کے کنٹرول روم کے نمبر پر بھیجا گیا تھا، جس کے بعد 21 اکتوبر کو ممبئی پولیس کو اسی شخص کی جانب سے ایک معافی نامہ بھی موصول ہوا تھا۔ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق معافی نامے میں مذکورہ شخص نے لکھا تھا کہ اس نے غلطی سے پیغام بھیجا دیا تھا اس کا مقصد کسی کو نقصان پہچانا نہیں تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close