انا للہ و انا الیہ راجعون، سینئر اور مقبول پاکستانی اداکار انتقال کر گئے

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار مظہر علی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

مظہر علی کے انتقال کی تصدیق ان کے اہلِ خانہ کی جانب سے کی گئی ہے۔اسپتال ذرائع کے مطابق اداکار دل کے عارضے میں مبتلا ہونے کی وجہ سے زیرِ علاج تھے۔مظہر علی کے سوگواروں میں 2 بیٹیوں، 1 بیٹا اور اہلیہ شامل ہیں۔اداکار کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ مغرب طیبہ مسجد ناظم آباد نمبر 3 میں ادا کی جائے گی۔اداکار مظہر علی نے ماضی کے مشہور ٹی وی ڈراموں عروسہ اور افشاں میں اہم کردار ادا کر کے شہرت حاصل کی تھی۔

اداکار کے مشہور ڈراموں میں تعبیر، عروسہ، بادلوں پر بھروسہ، شاہین، خدا اور محبت، ہالہ، آسمان تک دیوار اور میرا انتظار کر شامل ہیں۔صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کا دکھ کا اظہار:صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے مظہر علی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظہر علی اور میری دوستی برسوں پرانی ہے، ہم اسکول کے زمانے سے دوست تھے۔اُنہوں نے بتایا کہ مظہر علی پیشے کے اعتبار سے ایک انجینئر تھے۔محمد احمد شاہ نے اداکار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مظہر علی اداکاری کے ساتھ ساتھ شاعری بھی کیا کرتے تھے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ مظہر علی کا شمار ٹیلی ویژن کے منجھے ہوئے اداکاروں میں ہوتا تھا۔محمد احمد شاہ نے یہ بھی بتایا کہ اداکار کچھ ماہ سے کراچی میں تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close